پولیں ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے محض دعوے,تھانوں میں وہی 25 رجسٹر

پولیں ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے محض دعوے,تھانوں میں وہی 25 رجسٹر

1860ء میں پولیس رولزبناتے وقت ان رجسٹرزکی تشکیل بھی اس وقت کے انگریزافسرمیجروکٹرنے کی 24رجسٹرتھانہ محررکی تحویل میں،صرف ایک ایس ایچ اوکے پاس،اپنی خفیہ یادداشتیں لکھتاہے :رپورٹ

لاہور(فیاض ملک)تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے اورریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے محض دعوے ہی ہیں ، پولیس آج بھی وہی25 رجسٹرزوالے نظام کے تحت کام کررہی ہے ،1860ء میں پولیس رولزبناتے وقت ان 25 رجسٹرز کی تشکیل اس وقت کے انگریز پولیس آفیسرمیجر وکٹر نے کی تھی۔محکمہ پولیس میں ان رجسٹرز کی اہمیت کیا ہے اور یہ کن مقاصد کیلئے استعمال ہوتے ہیں؟ اس حوالے سے روزنامہ’دنیا‘کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق محکمہ پولیس میں طاقت کے محور تھانہ کے نظام کو احسن طریقے سے چلانے کیلئے انگریز دور میں25 رجسٹرز رکھے گئے ،ان میں سے 24 رجسٹرزمحرر کے پاس جبکہ 25واں رجسٹر تھانہ کے مہتمم(ایس ایچ او)کے زیر استعمال ہوتا ہے ۔چنانچہ تھانہ میں موجودرجسٹر نمبر 1ایف آئی آربک ہے جس میں کسی بھی جرم کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ درج کی جاتی ہے جبکہ مقدمہ کی ضمنیاں اورچالان رپورٹ بھی اسی رجسٹرمیں ہوتی ہے ،رجسٹر نمبر 2تھانے کا روزنامچہ ہے جس کے 200 سے زائد صفحات ہوتے ہیں،اس میں تھانہ میں افسروں کی آمدو رفت،گمشدگی رپٹ،افسروں اوراہلکاروں کی حاضری سمیت دیگر اہم اموردرج کئے جاتے ہیں۔رجسٹرنمبر3افسروں کے سٹینڈنگ، سرکل آرڈز اور احکامات کا ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کیلئے استعمال ہوتا ہے ۔رجسٹرنمبر4 تین حصوں پر مشتمل رجسٹرہے ،جس میں تھانہ کے مقدمات، مفرور ملزموں کا ریکارڈ،شہر کے دیگر تھانوں کے مفرور ملزموں اور دوران سروس بغیر اطلاع غیرحاضر ہونیوالے فوجی اہلکاروں کاریکارڈ محفوظ کیا جاتاہے ۔رجسٹرنمبر5محکمانہ خط وکتابت، وارنٹ ،سمن ،اشتہارات،نوٹسزاور روبکار کے اندراج کیلئے مختص ہے ۔ رجسٹر نمبر6 تین حصوں پر مشتمل ہے ،اس میں سرکاری ملازمین،مقامی افراد کے چال چلن،ضمانت دینے والوں اورعلاقہ میں ہونیوالی اتفاقیہ ہلاکتوں کاریکارڈ اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے ۔ رجسٹر نمبر 7 علاقہ میں موجود ریلوے پھاٹکوں اورمویشیوں کے متعلق تھا مگراب اسے مکمل طور پر حذف کردیا گیا۔رجسٹرنمبر8بھی تین حصوں پر مشتمل ہے ، جس میں مقدمات کے عنوان،نامزد ملزموں کے ایڈریس ،تفتیشی افسروں،مقدمات کی پیروی ،تھانے کی حدود میں آنیوالی آبادی اور مکانات کی تعداد،علاقے میں ہونیوالے عام و سنگین نوعیت کے جرائم کی شرح اور ملزموں کی گرفتاری کیلئے کی جانیوالی کوششوں کا ریکارڈ درج کیا جاتا ہے ۔رجسٹر نمبر9میں علاقے میں ہونیوالی دھڑے بازی،تنازعات،مختلف اقوام کی دشمنیوں، سابق ریکارڈ یافتہ افراد کی آمدو رفت اور ریلوے لائن پر ہونیوالے جرائم کا ریکارڈ ہوتاہے ۔رجسٹر نمبر10میں بدمعاشوں کی نگرانی اورانکے ساتھ میل جول رکھنے والے مشتبہ افرادکی تفصیل ہوتی ہے ۔رجسٹر نمبر11ریکارڈ یافتہ افراد کے جرائم اور بدمعاشو ں کی ہسٹری کیلئے مختص ہے ۔رجسٹر نمبر12میں مقدمات کی اطلاعات اور ان میں ملوث عناصر کے ساتھ ساتھ اسی نوعیت کے جرائم میں ملوث رہنے والے سابق ریکارڈ یافتہ افرادکی تفصیلات ہوتی ہیں۔رجسٹرنمبر13گزٹیڈ افسروں کی آرائکیلئے مخصوص ہوتاہے ۔رجسٹر نمبر14کے دوحصے ہوتے ہیں،جن میں گزٹیڈ اور انسپکٹرعہدہ کے افسروں کی طرف سے تھانے کی انسپکشن رپورٹس درج کی جاتی ہیں ۔ رجسٹرنمبر15 تھانے کی حدود میں ہونیوالی پیدائش واموات کے حوالے سے تھا مگراُسے بھی حذف کردیا گیا ہے ۔رجسٹرنمبر16چارحصوں پر مشتمل ہے ،اس میں چوکیداروں اور سکیورٹی گارڈز کا مکمل ریکارڈ،تھانے میں تعینات افسرو اہلکاروں کا مکمل ریکارڈ،تھانے کی اراضی،اس میں موجود اسلحہ، گولیوں و دیگر سرکاری سامان کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے ۔رجسٹرنمبر17کے اندرتھانہ کی حدود میں موجود اسلحہ ڈیلرز اور ایسے مقامات جہاں پراسلحہ کے ذخائر موجودہو، کا ریکارڈ درج ہوتا ہے ۔رجسٹرنمبر18میں تھانے میں جمع اسلحہ ،باروداور گولیوں کے ریکارڈرکھا جاتا ہے ۔رجسٹر نمبر 19میں تھانہ کے مال خانے کے متعلق ریکارڈہوتا ہے ۔رجسٹر نمبر 20میں تھانے آنیوالی تنخواہ کی رقوم،الاؤنس اور دیگر متفرق اخراجات کا ریکارڈ ہوتا ہے ۔رجسٹر نمبر21روڈ سرٹیفکیٹ کیلئے ہوتا ہے ،اس میں ہر مقدمہ کے چالان کے مکمل ریکارڈسے لیکر تھانے میں تفتیش، افسروں کی آمدورفت اور دیگر اہم معلومات درج کی جاتی ہیں۔ رجسٹرنمبر22میں تھانے آنیوالے تمام افسروں و اہلکاروں کی آمد روفت کا ریکارڈرکھاجاتا ہے ۔ رجسٹرنمبر23 پولیس گزٹ کیلئے استعمال ہوتا ہے جبکہ رجسٹرنمبر24 میں پولیس رولز کی تینوں جلدیں موجود ہیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رجسٹر نمبر25واحد رجسٹر ہے جوکہ ایس ایچ او کی ملکیت ہوتا ہے اور اس میں ایس ایچ او اپنی خفیہ یادداشتیں درج کرتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں