گوجرانوالہ ،فیصل آبادمیں قتل کے 2مجرموں کوپھانسی

گوجرانوالہ ،فیصل آبادمیں قتل کے 2مجرموں کوپھانسی

آصف نے اپریل 2008میں بھائی اوربھابی کوقتل کردیا تھا زاہد اقبال نے خاتون ریحانہ ،عنایت ‘ حارث کو قتل کیا تھا

گوجرانوالہ،فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی ،سٹاف رپورٹر )گوجرانوالہ میں دوہرے اورفیصل آبادمیں تہرے قتل کے 2مجرموں کوتختہ دارپرلٹکادیاگیا۔بتایاگیاہے کہ سنٹرل جیل گوجرانوالہ میں شادی کروانے کیلئے رقم نہ دینے پر بھائی ارشد اور بھابھی نسرین کو فائرنگ کر کے قتل کرنیوالے مجرم آصف عرف بھولو کوگزشتہ روز ساڑھے پانچ بجے صبح جلاد نوبل وزیر نے پھانسی دی ، سیشن جج کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے مجرم کی پھانسی کے عمل کی نگرانی کی جبکہ جیل میڈیکل افسر نے موت کی تصدیق کی۔ میت کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ۔ تھانہ سول لائنز میں28اپریل 2008کو درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق مجرم آصف عرف بھولو نے اپنے بھائی ارشد اور بھابی نسرین کو قتل کیاتھا۔ پھانسی سے کچھ دیر قبل مجرم نے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ امتیاز علی بیگ کو آخری وصیت ریکارڈ کرواتے ہوئے شہریوں اور عزیر و اقارب سے اپیل کی کہ وہ نماز کی پابندی ،قر آن پاک کی تلاوت ،بڑوں کی عزت اور چھوٹوں سے شفقت کے ساتھ پیش آئیں ۔ آصف عرف بھولو 9 سال 10 ماہ اور 7دن جیل میں قید رہا ۔ دوسری جانب صدر مملکت کی جانب سے رحم کی اپیل مسترد ہونے پر سنٹرل جیل فیصل آباد میں گزشتہ روز علی الصبح تہرے قتل کے مجرم زاہد اقبال کو تختہ دار پر لٹکا یا گیا ۔جیل انتظامیہ کی جانب سے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ۔ 2004 میں مجرم زاہد اقبال ولد منیر احمد سکنہ مدینہ آباد ڈھڈی والا نے خاتون ریحانہ دختر طاہر ،عنایت علی ولد احمد اور حارث ولد منیر کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ۔ جیل ذرائع کے مطابق مجرم رات بھر عبادت میں مصروف اور اپنے گناہوں کی معافی مانگتا رہا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں