نواز شریف پر غداری کیس کے دلائل کیلئے 25مئی تک مہلت
سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج اور ای سی ایل می
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج اور ای سی ایل میں نام شامل کرنے سے متعلق دائر درخواست پر درخواست گزار کے وکیل کو مزید تیاری کے لیے 25 مئی تک مہلت دے دی۔ جمعرات کو جسٹس محمد اقبال کلہوڑو (سربراہ)، جسٹس محمد کریم خان آغا پر مشتمل بینچ نے حلیم عادل شیخ کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ غداری کا مقدمہ وفاقی حکومت کا استحقاق ہے اور وفاقی حکومت (ن) لیگ کی ہے ۔ اس پر جسٹس کے کے آغا نے کہا بتایا جائے کہ نواز شریف کا بیان آرٹیکل 6 اور غداری کے زمرے میں کیسے آتا ہے ؟ کیا نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے بھی اس بیان کو غداری قرار دیا ہے ؟ آ پ نے غداری کے مقدمے کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے رابطہ کیوں نہیں کیا؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے ، جس پر عدالت نے مزید دلائل کی ہدایت کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ ایسے بیانات سے پاکستان پر بین الاقوامی پابندیاں بھی لگ سکتی ہیں۔ درخواست میں سابق وزیر اعظم، سیکریٹری کابینہ ڈویژن، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری اطلاعات کو فریق بنایا گیا ہے ۔