عمران خان کے قریبی دوست کو ایئرپورٹ پر روک لیاگیا
زلفی بخاری چیئرمین پی ٹی آئی ،بشریٰ کے ساتھ اسلام آباد سے عمرہ کیلئے جا رہے تھے نیب کی طرف سے نام ای سی ایل میں تھا، صرف6روزکیلئے جانے کی اجازت دیدی گئی
راولپنڈی،اسلام آباد(نامہ نگار،نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ہمراہ ادائیگی عمرہ کیلئے جانیوالے ان کے قریبی دوست زلفی بخاری کو ایئرپورٹ پر ہی روک لیاگیا،بعدازاں صرف6روزکیلئے جانے کی اجازت دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ،ان کی اہلیہ بشریٰ ،علیم خان اور ان کی اہلیہ کے علاوہ عون چودھری اورزلفی بخاری چارٹرڈپروازسے ادائیگی عمرہ کیلئے روانہ ہونے کیلئے گزشتہ روز بے نظیر ایئرپورٹ پہنچے جہاں کلیئرنس کے دوران امیگریشن حکام نے زلفی بخاری کو سفرکرنے سے روکتے ہوئے اپنی تحویل میں لے لیااور بتایاکہ نیب کی طرف سے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیاہے ، جس پر پی ٹی آئی چیئرمین سمیت دیگر تمام بھی ایئرپورٹ پر ہی رک گئے اور بعد ازاں وزارت داخلہ کی طرف سے زلفی بخاری کو ادائیگی عمرہ کیلئے صرف6روزبیرون ملک رہنے کی اجازت دی گئی جس کے بعد وہ سعودی عرب کیلئے روانہ ہوگئے ۔ زلفی بخاری کو مذکورہ اجازت نامہ سے متعلق گزشتہ روز وفاقی وزارت داخلہ میں ای سی ایل سیکشن کے قلندرخان کی طرف سے جاری کیاگیا جو صرف 6روزکیلئے ہے اور اس پر ایک مرتبہ ہی سفرکیاجاسکے گا جس کے بعد یہ اجازت نامہ ناقابل قبول ہوجائے گا،جسے جاری کرنے سے پہلے اعلیٰ حکام سے اجازت لی گئی ۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے اور وہ اپنے برطانوی پاسپورٹ پر سفر کرنا چاہتے تھے ۔ذرائع کا کہنا تھا عمران خان نے اپنے دوست کے بغیر جانے سے انکار کردیا اور زلفی بخاری کے معاملے پرا یف آئی اے کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا ۔ ان کے وکلا نے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا جہاں سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا نے اپنے حاصل شدہ اختیار کے تحت واپسی کی گارنٹی پر زلفی بخاری کا نام ''ایک دفعہ اجازت'' کے تحت ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی جس کے بعد زلفی بخاری ، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوگئے ۔ دوسری طرف عمران خان نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ ادا کر لیا، وہ آج مدینہ منورہ پہنچیں گے اور روضہ رسول ؐپر حاضری دیں گے ۔