اعجاز الحق بھی تحریک انصاف کی مجبوری!

اعجاز الحق بھی تحریک انصاف کی مجبوری!

تحریک انصاف کو ناں ناں کرتے کرتے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے ہاں کرنا پڑگئی ملک بھر میں قومی اسمبلی کی18سے زائد سیٹوں پر پانچ سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی گئی ،

(لیاقت انصاری) مسلم لیگ ق کی ڈیمانڈ تو زیادہ تھی مگر چار سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ طے پاگئی شیخ رشید نے عمران خان کی دوستی میں دوسیٹوں کا صلہ حاصل کرلیا ، پیپلزپارٹی کو سندھ میں ٹف ٹائم دینے کے لئے کپتان نے گرینڈڈیموکریٹک الائنس کو دس سے زائد سیٹوں پر حمایت دیدی اور تواور مسلم لیگ ن کی پانچ سالہ حکومت کے اتحاد ی اعجاز الحق نے بھی تحریک انصاف سے اپنی سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ حاصل کرکے سب کو حیران کردیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عام انتخابات میں کسی بھی سیاسی جماعت کے اپنے اعلان کے مطابق اتحاد تو نہیں کیا لیکن قومی اسمبلی کی اٹھارہ سے زائد سیٹوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ضرور کرلی ہے ، کچھ دوستوں کا دبائو اورکچھ سیاسی اثر نے عمراان خان کو بالآخر کچھ سیٹوں کی قربانی دینے پر مجبور کیاہے ، مسلم لیگ قائد اعظم کی ڈیمانڈتو زیادہ تھی مگر اسے قومی اسمبلی کی چار سیٹوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ مل گئی ہے جس میں گجرات کی دو ،چکوال اور بہاولپور کی ایک ایک سیٹ شامل ہے جہاں پر تحریک انصاف اپنا امیدوار نہیں دے گی اورمسلم لیگ ق کو سپورٹ کیاجائے گا ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو عمران خان کی دوستی کے صلے میں دو سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ ملی ہے جس میں راولپنڈی کے حلقہ این اے ساٹھ اور باسٹھ پر شیخ رشید الیکشن تو قلم دوات کے نشان پر لڑیں گے لیکن تحریک انصاف انکی مددگار بنے گی اوراپنا امیدوار نہیں دے گی ، بھکر میں مجلس وحدت المسلمین کو بھی ایک سیٹ پر تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہوگی، حیران کن سیٹ ایڈجسٹمنٹ یہ بھی ہے کہ پچھلی حکومت میں مسلم لیگ ن کے اتحادی اعجاز الحق بھی بہاولنگر سے ایک سیٹ پر عمران خان کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے اعجاز الحق کی سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ کی تصدیق کی ہے ، سندھ میں پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لئے کپتان نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ بھی دس کے قریب سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں