پی آئی اے کا قبل ازحج آپریشن مکمل،68ہزار عازمین کو پہنچایا

پی آئی اے کا قبل ازحج آپریشن مکمل،68ہزار عازمین کو پہنچایا

225پروازیں چلائیں،پروازوں کی بروقت آمدورفت کا تناسب95فیصد رہا واپسی کے سفر میں حجاج کرام کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں، مشرف رسول

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 68 ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچا کر مکمل ہو گیا،اس دوران پروازوں کی بروقت آمدورفت کا تناسب95 فیصد رہا۔ پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے225پروازیں چلائیں ۔28ہزار سے زائد عازمین کو خصوصی حج پروازوں کے ذریعے جبکہ تقریباً 40 ہزار عازمین کو شیڈول پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے71پروازوں کے ذریعے 21 ہزار4 سو، اسلام آباد سے 50 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار ایک سو اڑتالیس، لاہور سے 43 پروازوں کے ذریعے 13 ہزار 960، ملتان سے 19 پروازوں سے 4 ہزار571 ، فیصل آباد سے 7 پروازوں کے ذریعے 833 ، سیالکوٹ سے 11 پروازوں کے ذریعے 3 ہزار708 اور پشاور سے 24 پروازوں سے 8 ہزار418 عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا گیا۔پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول نے قبل ازحج آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے پر پی آئی اے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ واپسی کے سفر میں حجاج کرام کو مکمل سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے ، پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 27 اگست سے شروع ہو گا جس کے دوران جدہ اور مدینہ سے خصوصی اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد حجاج کرام کو اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی، سیالکوٹ ، ملتان اور فیصل آباد پہنچایا جائے گا۔ بعد از حج آپریشن کا اختتام 25 ستمبرکو ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں