وزیر اعظم ہاؤس کی 80گاڑیاں نیلام کرنے کیلئے 15ستمبر ڈیڈلائن
عمران خان نے اپنے اعلانات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ہوم ورک شروع کردیا وفاقی کابینہ اجلاس میں فوری نیلامی کی ہدایت ، چند روز میں اخبارات میں اشتہار دیا جائیگا
اسلام آباد (طارق عزیز)وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہائوس کے پول میں کھڑی 80سے زائد لگژری گاڑیوں کی نیلامی کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے ، انہوں نے گاڑیوں کی نیلامی کیلئے اخبارات میں اشتہارات دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل 15ستمبر تک مکمل کرلیا جائے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے اعلانات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ہوم ورک شروع کردیا ہے ،گزشتہ روز وفاقی کابینہ اجلاس میں انہوں نے گاڑیوں کی فوری نیلامی کی ہدایت کی اور اس مقصد کیلئے 15ستمبر کی ڈیڈلائن مقرر کی گئی ہے جبکہ آج سے یہ عمل شروع ہو جائے گا اور آئندہ چند روز میں اخبارات میں اشتہار دیا جائے گا،وزیراعظم نے کابینہ ڈویژن کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ گاڑیوں کی نیلامی مقررہ وقت میں یقینی بنائیں، 80سے زائد لگژری گاڑیوں میں چند بلٹ پروف گاڑیاں بھی ہیں جو غیرملکی مہمانوں کیلئے خریدی گئی تھیں، وزیراعظم نے تمام گاڑیوں کی فروخت کی ہدایت کی ہے ۔