ضمنی الیکشن:ٹکٹوں کیلئے تحریک انصاف کا خفیہ سروے ناکام

ضمنی الیکشن:ٹکٹوں کیلئے تحریک انصاف کا خفیہ سروے ناکام

این اے 124میں کاغذات نامزدگی جمع نہ کرانیوالی 2شخصیات کو ٹکٹ کی خوشخبری شاہد خاقان کے مدمقابل تاحال مضبوط امیدوار نہ ملا ،آسودہ حال کی جیت کا امکان

لاہور ( یاسین ملک )ضمنی الیکشن کی ٹکٹوں کے لئے تحریک انصاف کا خفیہ سروے ناکام ہو گیا ،پارٹی کے لاکھوں روپے بھی ضائع ہو نے لگے ۔ ذرائع کے مطابق خفیہ سروے کرنے والی ٹیم بغیر کسی تحقیق کے ایک ہی جگہ پر بیٹھ کر سروے فارم پر کر لیتی ہے ،اسے یہ تک معلوم نہیں ہوتا جو نام وہ خفیہ سروے کا حصہ بنا رہی وہ امید وار بھی ہے کہ نہیں اور اس نے الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں؟ جس کی بڑی مثال خفیہ سروے میں این اے 124 میں ہونے والی متعدد غلطیاں ہیں ۔ پارٹی قیادت نے خفیہ سروے کو بنیاد بناتے ہوئے پارٹی ٹکٹ کے لئے ایسے امیدواروں کے نام اوکے کر دئیے جنہوں نے الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کرائے ۔سروے میں نعمان قیصر کا نام پہلے نمبر پر آگیا، تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے انچارج ارشد داد نے فون کر کے نعمان قیصر کو ٹکٹ کی اطلاع دی تو انہوں نے بتایا کہ میں نے تو الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کرائے ۔ بعدازاں تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے سروے کو مد نظر رکھتے ہوئے دوسرے نمبر پر آنے والے حاجی امتیاز کے بجائے شیخ امتیاز کو فون کر کے ٹکٹ فائنل ہونے کی خوش خبری سنا دی جس پر انہوں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع نہ کرانے کا کہہ دیا ۔ذرائع کا دعوی ٰ ہے کہ تحریک انصاف کو حلقہ این اے 124 کے لئے مسلم لیگ ن کے امیدوار سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے مدمقابل کوئی مضبوط امیدوار مل ہی نہیں رہا ، اس حلقہ کے لئے مضبوط مالی حالت رکھنے والے امیدوار کے ہی جیتنے کے امکانات ہیں ۔جن امیدواروں نے الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان میں غلام محی الدین دیوان جو آزاد کشمیر اسمبلی میں ایم ایل اے بھی ہیں کی مالی حالت سب امیدوارں سے بہتر ہے مگرپارٹی سروے میں انہیں تیسری پوزیشن پر رکھا گیا ۔ خفیہ سروے ناکام

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں