لاہور :گرمیوں میں 3گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا عندیہ
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے شہر میں دو سے تین گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا عندیہ دے دیا۔
لاہور(آئی این پی،آن لائن)موسم میں تبدیلی کے ساتھ شہر میں بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے اور شارٹ فال 500 میگا واٹ ہوچکا ہے ۔کمپنی کی ڈیمانڈ 2400 میگاواٹ جبکہ فراہمی 1900 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے ۔لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے بتایا کہ موسم میں تبدیلی کی وجہ سے دو سو میگا واٹ طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک اور موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پیداوارسے مشروط ہے ۔ دوسری جانب ڈائریکٹر آپریشن لطیف مغل نے پاور کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا اور کہا کہ صارفین کو بجلی فراہم کرنے کیلئے عملہ چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہے ۔