عمران خان کا دورہ امریکہ انتہائی کامیاب رہا :تھنک ٹینک
بڑا جلسہ عمران کی کرشماتی شخصیت کا نتیجہ :ایازامیر ،تعلقات بہتر ہونگے :خاور گھمن مسئلہ کشمیر پرثالثی کی پیشکش،بھارت کیلئے شرمناک صورتحال پیدا ہوگئی:حسن عسکری وزیر اعظم کے دورے سے امریکہ کے ساتھ اعتماد کا رشتہ بحال ہوا :سلمان غنی کی گفتگو
لاہور(دنیا نیوز)معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ انتہائی کامیاب رہا ہے ،کوئی بھی توقع نہیں کر رہا تھا کہ پاکستان کے نقطہ نظر سے یہ دورہ اتنا کامیاب ہوگا،ادھر مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش سے بھارت میں کہرام مچ گیا ۔پروگرام "تھنک ٹینک " میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی نمائندگی بڑے اعتماد اور پر وقار انداز سے کی ہے انھوں نے بتایا کہ ذوالفقار علی بھٹو سمیت کوئی پاکستانی لیڈر امریکہ میں اتنا بڑا جلسہ نہیں کرسکا۔یہ عمران خان کی کرشماتی شخصیت کا نتیجہ ہے ۔سیاسی تجزیہ کار ،روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش ایک اہم پیش رفت ہے جس پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سانپ سونگھ گیا ہے انھیں اس بارے میں بتانا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورے سے امریکہ کے ساتھ اعتماد کا رشتہ بحال ہوا ہے ۔یہ ایک بریک تھرو ہے ۔افغان امن عمل کے حوالے سے پاکستان نے ایک ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کیا۔امریکہ نے بھی اس بات کو تسلیم کیا ہے جو پاکستان کی بڑی کامیابی ہے انھوں نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کی ضرورت ہے ۔انھیں پاکستان کی اہمیت کا احساس ہے ۔ دنیا کی سب سے بڑی پاور افغانستان سے پتھر چاٹ کر جا رہی ہے اب وہ افغانستان سے نکلنا چاہتے ہیں کیونکہ امریکہ میں الیکشن قریب ہیں ۔انھوں نے کہا کہ خارجی محاذ پر وزیر اعظم کی یہ اہم کامیابی ہے ،اس طرح کی کامیابی اندرونی محاذ پر بھی ہونی چاہئے ،پاکستان کے عوام ان سے بڑی توقعات رکھتے ہیں ۔ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ مودی نے ان سے کشمیر پر ثالثی کے لئے کہا تھا مگر بھارت اس سے انکاری ہے ۔یہ کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے ۔انھوں نے کہا کہ بھارت اور کیا کرے ؟اس کے علاوہ ان کے پاس کہنے کو کیا ہے ؟انھوں نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ مودی نے صدر ٹرمپ سے یہ بات کہی ہولیکن اس مرحلہ پر وہ اعتراف نہیں کرسکتے ،بھارت کے لئے شرمناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔انھوں نے بتایا کہ اس دورے سے پہلے افغانستان کے بارے میں پاکستان اور امریکہ کی پالیسی میں تبدیلی آئی ہے ۔پاکستان اور امریکہ کے نقطہ نظر میں ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے دوسرا فیکٹر عمران خان کی کرشماتی شخصیت کا اثر ہے ۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا ٹریڈ پارٹنر ہے ۔پاکستان برآمدات کے عوض امریکہ سے ڈالر کما رہا ہے ۔امریکی صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس کے دوران یہ امکان ظاہر کیا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کی تجارت دس سے بیس گنا بڑھائی جاسکتی ہے ۔اگر ایسا ہوا تو پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہو جائے گی ۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتر ہوں گے ۔