’’خراب معاشی صورتحال میں حکومت کا کوئی قصور نہیں‘‘
حکومت زرداری ،نوازسے 160 ارب ڈالر ملنے کا انتظار کررہی ہے :افتخار احمد وفاق سندھ میں مداخلت نہیں کریگا:میاں اسلم،’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف سیاسی تجزیہ کار افتخار احمد نے کہاہے خراب معاشی صورتحال کے حوالے سے عمران خان کی حکومت کا کوئی قصور نہیں ۔ دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا حکومت نواز شریف اور آصف زرداری سے 160ارب ڈالر ملنے کا انتظار کررہی ہے ،ہوسکتاہے یہ لوگ اس مہینے کے آخر تک یہ رقم دیکر چلے جائیں۔ اس کیساتھ یہ شرائط بھی رکھی جارہی ہیں کہ نواز شریف ساری عمر کیلئے ملک سے باہر جائینگے اوران کی بیٹی10سال کیلئے جبکہ آصف زرداری تاحیات سیاست کیلئے نا اہل ٹھہریں گے ، البتہ بلاول کو سیاست کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ مسلم لیگ ن کے طارق فضل چودھری نے کہا حکومت اگلے پانچ ماہ تک بھی چلنے والی نہیں اور عمران خان گھر چلے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا نوازشریف سے پیسے لینے سے قبل ان پر کرپشن ثابت کی جائے ، نواز شریف تو کیا کوئی بھی ہو اس طرح کی آفر قبول نہیں کرے گا ۔ پیپلز پارٹی کے قمرزمان کائرہ نے سندھو دیش بننے کے بارے میں بلاول زرداری کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا میڈیا اس بیان کو سیاق و سباق سے علیحدہ کر کے پیش کررہا ہے ۔پنجاب کے وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا وفاق سندھ میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا اور آرٹیکل 149 کا نفاذ اگر کیا گیا تو بہت سوچ سمجھ کرکیا جائیگا ۔انہوں نے کہا پاکستان کی تاریخ میں 10 ارب ڈالر کا قرضہ پہلی بار ایک سال میں واپس کیاگیا ہے ، ٹیکس اکٹھا کرنے میں 15فیصد اضافہ ہواہے ۔