پنجاب:کارکردگی آڈٹ اورنچلی سطح تک تبادلوں کی منظوری
کرپشن میں ملوث ملازم فارغ، بار بار تبدیل ہونیوالوں کو او ایس ڈی بنایا جائیگا تھانوں میں رشوت عام:خفیہ رپورٹ، نچلی سطح تک تبدیلی ضروری:چیف سیکرٹری
لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب حکومت نے تمام محکموں اور فیلڈ افسروں کی کارکردگی کا آڈٹ کرانے اور نچلی سطح تک تبادلوں کی منظوری دیدی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس سے منظوری ملنے کے بعد چیف سیکرٹری میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان نے پرفارمنس آڈٹ کرنے کا حکم دے دیا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری شوکت علی سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ آڈٹ رپورٹ کو دیکھتے ہوئے افسروں ، ملازموں کو عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں 90فیصد اسسٹنٹ کمشنرز ، تحصیلدار، پٹواری، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسر سفارشی و سیاسی بنیادوں پر تعینات ہوئے تھے ، حکومتی فیصلے کے مطابق کرپشن میں ملوث ملازموں کو فارغ کیا جائے گا جبکہ باربار تبدیل ہونے والے افسروں کو اوایس ڈی بنایا جائے گااور ان کو کسی بھی اہم عہدے پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس سے ظاہر ہوا ہے کہ پنجاب کے تھانوں میں مبینہ طور پر رشوت عام ہے اور میرٹ پر انصاف فراہم نہیں کیا جاتا۔اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب میجرریٹائرڈ اعظم سلیمان کا کہنا ہے کہ پرفارمنس آڈٹ میں نااہل اور کرپٹ افراد کی نشاندہی ہوسکے گی،نچلی سطح پر تبدیلی لانی ضروری ہے ،ڈپٹی کمشنر زکو بااختیار بنایا گیاہے ۔