2019:سٹیزن پورٹل پر16لاکھ شکایات،14لاکھ کاازالہ
پاکستان سٹیزن پورٹل کی سال 2019کی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے
اسلام آباد(این این آئی)پاکستان سٹیزن پورٹل کی سال 2019کی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران مجموعی طور پر 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن میں ملک سے 15 لاکھ اور بیرون ملک سے 93 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔ان میں 14 لاکھ 60 ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا۔پنجاب سے 7 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا سے 1 لاکھ 95 ہزار، سندھ سے 1 لاکھ 36 ہزار اور بلوچستان سے 15 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔سب سے زیادہ شکایات میونسپلٹی، توانائی اور تعلیم کے شعبے سے متعلق موصول ہوئیں۔ سٹیزن پورٹل کی کارکردگی پر 40 فیصد لوگوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 28 اکتوبر 2018 کو پاکستان سٹیزن پورٹل کا افتتاح کیا تھا۔