ناراض ارکان کا وزیراعلیٰ پنجاب کیساتھ ملاقات سے انکار
حکومتی وزیر نے ملاقات کا پیغام پہنچایا تو ارکان نے مطالبات میں مزید اضافہ کر دیا سرکاری محکموں میں بھی سیاسی عہدوں پر تعینات کیا جائے ، ارکان اسمبلی کا مطالبہ
لاہور(اخلاق باجوہ سے )ناراض ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا۔ ناراض ارکان پنجاب اسمبلی نے اپنے مطالبات میں اضافہ کرتے ہوئے محکموں میں بھی سیاسی بنیادوں پر اپنی تعیناتیوں کا مطالبہ کردیا ، ناراض ارکان کے ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے پارٹی کے ناراض 20ارکان پنجاب اسمبلی کو منانے اور ان کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا اس کے لئے حکومت نے ناراض ارکان کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے ملاقات کا پیغام دیا۔ اس سلسلہ میں ایک صوبائی وزیر نے ناراض ارکان سے رابطہ کیا ۔حکمران پارٹی کے ناراض ارکان اسمبلی نے نہ صرف ملنے سے انکار کیا بلکہ اپنے مطالبات میں مزید اضافہ بھی کردیا ناراض ارکان کا کہنا تھا کہ ہمیں سرکاری محکموں میں بھی سیاسی عہدوں پر تعینات کیا جائے ، ملاقات کا پیغام لانے والے صوبائی وزیر کو ناراض ارکان نے جواب دیدیا،ناراض ارکان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کئی بار یقین دہانیاں اور وعدے کئے گئے ۔لیکن ان پر عملدرآمد نہ ہوا۔ناراض ارکان نے حکومتی شخصیت کو صاف بتا دیا کہ تحفظات کے دور ہونے اور وعدوں کی تکمیل تک ملاقات نہیں کر سکتے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ کے تحفظات کا وزیراعلیٰ کو علم ہے وہ ملاقات میں ان کو دور کریں گے ۔ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ حکومتی شخصیت ناراض ارکان کو وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے لیے قائل نہ کرسکی ۔