مافیا کیخلاف کارروائی نہیں باتوں پر گزارا ہے :تھنک ٹینک

مافیا کیخلاف کارروائی نہیں باتوں پر گزارا ہے :تھنک ٹینک

مافیاز کیخلاف کارروائی، کیا امر مانع ،حکومت سے کسی ایکشن کی توقع نہیں، ایاز امیر وزیر اعظم عمران خان عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے والوں کو بے نقاب کریں ، سلمان غنی حکومت بات چیت سے حل نکالے ، حسن عسکری، حتمی رپورٹ میں پتا چلے گا، خاور گھمن

لاہور(دنیا نیوز) معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے وزیر اعظم کو تواتر سے بولنے کا شوق ہے ۔پروگرام ’’تھنک ٹینک ‘‘ میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیر اعظم مافیاز کی بات بھی کرتے ہیں ۔سال سوا سال کرپشن کی باتوں میں گزر گیا ہے اب ان کی زبان پر مافیا کی باتیں ہیں ۔ لیکن سوال یہ ہے کہ وزیر اعظم کس مرض کی دوا ہیں ؟۔مافیاز کیخلاف کارروائی میں کیا امر مانع ہے ۔مگر لوگوں نے ان کو جانچ لیا ہے ۔اب انہیں ان سے کسی ایکشن کی توقع نہیں ہے ۔انہوں نے کہامولانا فضل الرحمن کیخلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ کی بات کر کے نیا شوشہ چھوڑ دیا ہے ۔سیاسی تجزیہ کار،روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہاآج ترک صدر اسلام آباد میں تھے ،وزیر اعظم عمران خان اگر یہ گفتگو آج نہ کرتے تو بہتر تھاجہاں تک مافیاز کی بات ہے یہ پاکستان میں بڑے منظم ہیں ۔ لاہور سے چینی کے دو چار ڈیلروں کو پکڑا گیا ہے اصل کام شوگر ملز مالکان کا ہے کہ چینی کی قیمت 40روپے سے 80روپے کلو تک پہنچ گئی ہے ۔وزیر اعظم عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے والوں کو بے نقاب کریں ۔ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا حکومت مافیا سے بات کر کے راستہ نکالے ۔ اس وقت بیانات کی بجائے ایکشن کی ضرورت ہے ۔تجزیہ کار،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا آٹے اور چینی کے بحران سے متعلق حتمی رپورٹ میں اصل صورتحال کا پتہ چلے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں