کورونا: لاہور کے 8 سرکاری ہسپتالوں میں 27 ہزار 750 آپریشن ملتوی

کورونا: لاہور کے 8 سرکاری ہسپتالوں میں 27 ہزار 750 آپریشن ملتوی

نجی ہسپتالوں میں آپریشن ہو رہے ہیں ، غریبوں کی سرجریاں ملتوی ہوئیں، بیشتر مریض موت کے دہانے تک پہنچ چکے آپریشن تھیٹرز بند کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ،ان ڈورز آپریشنز میں کمی کی گئی ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر

لاہور(سید سجاد کاظمی سے )کورونا کے خوف کے باعث بند آپریشن تھیٹرز سے ڈھائی ماہ کے دوران اب تک لاہور کے 8بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 27ہزار750کے قریب آپریشن ملتوی کئے گئے ۔ لاہور کے ان ہسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر370کے قریب یومیہ 10اقسام کی سرجریاں کی جاتی تھیں۔ بیشترسرکاری سرجنز نجی ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹرز میں سرجری کے لئے فعال نظر آتے ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں کے تمام آپریشن تھیٹرز کو میجر سرجری کے لئے بند رکھا گیا ، خطر ناک بیماریوں کے آپریشن نہ ہونے سے بیشتر مریض موت کے دہانے تک پہنچ چکے ہیں۔لاہور کے 8بڑے ہسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر370کے قریب سرجریاں کی جاتی تھیں جن میں دماغ کا کینسر، جگر کا کینسر، دل کا بائی پاس ،آنکھوں کے آپریشن، ناک کان و گلہ ،ہڈی و جوڑ ، ریڑھ کی ہڈی، گردن کی ہڈی، گردے ، مثانہ، پتہ اور ہرنیوں کے آپریشن شامل ہیں، ماہرین کے مطابق دماغ کے کینسر کا ایک ماہ اگر آپریشن ملتوی کیا جائے تو مریض کو دوبارہ زندگی ملنا مشکل ہوجاتی ہے ۔ گزشتہ75دنوں سے ایمرجنسی کے علاوہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے احکامات نہ ہونے کے باوجود آپریشن تھیٹرز کو بندرکھا گیا ہے جبکہ بیشتر سرکاری سرجنز کی اطلاعات آرہی ہیں کہ وہ نجی ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹرز میں مریضوں کے آپریشن کررہے ہیں۔ لاہور کے جن بڑے ہسپتالوں سے روزانہ کی بنیادوں پر آپریشن ملتوی ہورہے ہیں ان میں میو ہسپتال کے اندر120کے قریب سرجریاں ملتوی ہورہی ہیں ،اسی طرح پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں10، چلڈرن ہسپتال لاہور 45، سروسز ہسپتال 35، شیخ زاید ہسپتال لاہور 40، جناح ہسپتال55،لاہور جنرل ہسپتال35 اور سر گنگا رام ہسپتال میں30آپریشن کئے جارہے تھے ۔27ہزار750آپریشن ملتوی ہوئے اور ان ملتوی آپریشن میں 90فیصد کا تعلق غریب گھرانوں سے بتایا جارہا ہے جو مقروض ہوکر سرکاری سرجنز سے نجی ہسپتالوں کے اندر آپریشن کروانے پر مجبور ہورہے ہیں۔ماہرین کی رائے میں ایک محتاط اندازے کے مطابق پنجاب کے دیگر35اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں سے اب تک75دنوں میں 30ہزار آپریشن ملتوی ہوچکے ہیں اس طرح اب تک پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مجموعی طور پر57ہزار سے زائد آپریشن التواکا شکار ہیں۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر برسٹر نبیل احمد اعوان نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ آپریشن تھیٹرز کو سرکاری سطح پر بند کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا مگر ایمرجنسی کے اندر آپریشن کا سلسلہ جاری ہے اور یہ بات سچ ہے کہ غیر معمولی طور پر ان ڈورز کے آپریشنز میں کمی کی گئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں