بھارت کی گیدڑ بھبکیاں ، دشمن 27 فروری کا موثر جواب یاد رکھے : پاکستان

بھارت کی گیدڑ بھبکیاں ، دشمن 27 فروری کا موثر جواب یاد رکھے : پاکستان

ہم نے اپنی صلاحیتوں اور اپنے عزم کا بھرپور مظاہرہ کر دیا تھا، دنیا کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچائے ،ترجمان دفتر خارجہ بھارت لداخ پر سرجیل سٹرائیک کیوں نہیں کرتا، امیت شاہ کو واضح کرنا چاہتا ہوں غلطی کی تو منہ توڑجواب دینگے :شاہ محمود

اسلام آباد (وقائع نگار،دنیا نیوز)بھارت کی گیدڑ بھبکیاں جاری ، انڈین وزیر داخلہ امیت شا نے دوبارہ ہرزہ سرائی اور دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے پاکستان میں ہوائی اور سرجیکل سٹرائیکس کا حکم دے دیا ہے ،بھارت کی دھمکیوں پر ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کا 27 فروری کا تیز رفتار اور موثر جواب یاد رکھنا چاہیے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم نے اپنی صلاحیتوں اور اپنے عزم کا بھرپور مظاہرہ کر دیا تھا، قبل ازیں پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امیت شا نے اڑیسہ کے عوام سے ورچوئل خطاب میں پاکستان کو دوبارہ دھمکیاں دیں اور کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے پاکستان میں ہوائی اور سرجیکل سٹرائیکس کا حکم دے دیا ہے ۔علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کی جانب سے 9 نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی 'ریاستی دہشت گردی' قرار دیا ہے ۔ مذمتی بیان مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں پیر کے روز وقفے وقفے سے 9 نوجوانوں کی شہادت کے بعد سامنے آیا۔ترجمان عائشہ فاروقی نے بیان میں کہا کہ پاکستان، بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے دوران قابض فورسز کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ جب پوری دنیا کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے ، بھارت کشمیریوں پر اپنے مظالم میں اضافہ کر رہا ہے ۔ یہ دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر کارروائی کرے اور کشمیریوں کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں قتل اور دیگر مظالم سے بچائے پاکستان، کشمیریوں پر اس کے مظالم کے لیے بھارت کا محاسبہ کرنے کا مطالبہ جاری رکھے گا۔ قبل ازیں پاکستان نے وزیراعظم کے بیان سے متعلق بھارتی پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے بیان کو مکمل طور پرتوڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ، بھارت کی یہ فتنہ پردازی انتہائی قابل مذمت ہے ۔بھارت کے روایتی ہتھکنڈوں کا عالمی برادری پر کوئی اثر نہیں ہوگا،ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہاکہ بھارت کی وزارت خارجہ کا 5 جون2020 کا بیان جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور کشمیری عوام کے خلاف اس کے بہیمانہ جرائم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی ایک اور مایوس کن کوشش ہے ۔ علاوہ ازیں بھارت کے فضائی حملہ کرنے کی دھمکی پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ امیت شاہ پرواضح کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اسکا منہ توڑ جواب دیں گے ۔ بھارت گیڈربھبکیاں بند کرے ، دنیا بھارتی زویر داخلہ کے بیان کا نوٹس لے ، امیت شاہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ انکا لداخ کے بارے میں کیا خیال ہے ، بھارت لداخ پر سرجیل سٹرائیک کیوں نہیں کرتا، لداخ کے معاملے پر بھارتی میڈیا کیوں خاموش ہے ، بھارت اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں