کورونا :پنجاب ، نوجوان مریضوں کی اکثریت ، لڑکے زیادہ متاثر
پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی اکثریت نوجوانوں کی ہے ۔محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 75 سال سے زائد عمر کے افراد کورونا سے سب سے کم متاثر ہوئے ہیں
لاہور (ہیلتھ رپورٹر ) نوجوانوں میں لڑکیوں کے برعکس لڑکے زیادہ متاثر ہیں ،مردوں میں 51 ہزار 80 کورونا کے شکار، 50 ہزار 81 مشکوک کیسز ہیں جبکہ خواتین میں 23 ہزار 70 کورونا سے متاثر، 19 ہزار 89 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے ، محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ افراد 31 سے 45سال کے ہیں،31 سے 45 سال کے 22 ہزار 978 نوجوان کورونا سے متاثر ہیں، 16 سے 30 سال کی عمر کے 21 ہزار 285 افراد کورونا کا شکار ہیں، 46 سے 60 سال کے 15 ہزار 897 افراد کورونا کا شکار ہیں،61 سے 75 سال کے 7 ہزار665 افراد کورونا متاثرین ہیں سب سے کم ضعیف العمر 75 سال سے زیادہ عمر کے افراد ہیں ۔پنجاب میں 75 سال سے زائد عمر کے افراد کی تعداد فقط 1319 ہے ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس سے پنجاب میں زیادہ تر اموات 50 سال سے زائد افراد کی ہوئی ہیں جن کو ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس سمیت مہلک بیماریاں لاحق تھیں۔