حملے کی پہلے سے اطلاعات تھیں:چیئرمین ایس ای سی پی
چھوٹی صنعتوں کو اہمیت دے رہے ،عامر خان،دنیا کامرا ن خان کیساتھ میں گفتگو
اسلام آباد (دنیا مانیٹرنگ )چیئر مین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان عامر خان نے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج بہت عرصہ سے دہشت گردو ں کا ٹارگٹ تھی ، ہمیں پہلے سے اطلاعات مل رہی تھیں کہ دہشت گرد اسے ٹارگٹ کر سکتے ہیں ۔ اس وجہ سے ایجنسیاں یہا ں سکیورٹی انتظامات کے لیے تیاریاں کرتی رہی ہیں ،6 سے 7 ہفتے قبل بھی مشترکہ ریہرسل کی گئی تھی۔ سکیورٹی اچھی ہو نے کی وجہ سے وہ پہلے حملہ نہ کر پائے ۔ عامر خان نے دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامرا ن خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ایجنسیوں کی غیر معمولی تیاریوں کی بنا پر عوام کو مکمل اعتماد تھا ۔ مارکیٹ کسی بھی تعطل کا شکار نہیں ہوئی ، عوام باقاعدگی کے ساتھ یہاں آتے رہے ۔ انہوں نے کہا ہم نے اصلاحات کی ہیں ،160 کلاز کو تبدیل کیا گیا ہے ۔ چھوٹی صنعتوں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے ۔ ورلڈ بینک کی آنے والی رپورٹ میں یقیناً ہمارا نمبر بہتر ہو گا ۔