130 سے زائد اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی نصف، چار پر مکمل ختم

130 سے زائد اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی نصف، چار پر مکمل ختم

سی کے ڈی انجنوں،پیڈ لاک،فرنیچر لاک سمیت ہر قسم کے لاک پر عائد 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی ختم واش بیسن،کریسٹرن ،سرامک ٹائل پر ڈیوٹی 20 فیصد ہوگی ،سمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہو گی، وزارت تجارت

اسلام آباد (وقا ئع نگار خصوصی)حکومت نے سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات جاری رکھتے ہوئے 130 سے زائد اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی نصف جبکہ چار اشیا پر ڈیوٹی مکمل ختم کردی ۔ وزارت تجارت کی دستاویز کے مطابق سمگلنگ سے متعلق89اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی 5 سے کم کر کے ڈھائی فیصد کردی گئی ہے جبکہ 37 اشیا پر ڈیوٹی 8 سے کم ہوکر 4فیصد رہ گئی،دستاویز میں مزید بتایاگیا کہ سی کے ڈی اور ایس کے ڈی انجنوں پر عائد5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی ختم کردی گئی ،پیڈ لاک،فرنیچر لاک سمیت ہر قسم کے لاک پر عائد 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی ختم کی گئی ہے ۔دستاویز کے مطابق واش بیسن،کریسٹرن اورسرامک ٹائل پر ریگولیٹری ڈیوٹی 40 سے کم کر کے 20 فیصد جبکہ ایل سی ڈی اور ایل ای ڈی پر ڈیوٹی20 سے کم ہوکر 10 فیصد رہ گئی ،اسی طرح واون فیبرکس پر ریگولیٹر ی ڈیوٹی نصف اور مختلف اقسام کے یارن پر ڈیوٹی 8 سے کم کر کے 4فیصد کردی گئی۔دستاویز کے مطابق کمبل،سفری رگز پر ریگولیٹری ڈیوٹی10 سے کم ہوکر5 فیصد رہ گئی ہے ۔حکام وزارت تجارت کے مطابق سمگلنگ سے متعلق اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی کم اور ختم کرنے سے سمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہو گی، فارمل ٹریڈ بڑھے گی اور ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں