موبائل فون کالز کے ریکارڈ کے آڈٹ کا فیصلہ
شہریوں کے موبائل کا ڈیٹا بلاوجہ چیک کرنے کی شکایات مل رہی تھیں آڈٹ ٹیمیں پہلے 6ماہ کاریکارڈچیک کرکے رواں ماہ رپورٹ پیش کرینگی
لاہور (خبر نگار سے )شہریوں کے موبائل فون کالزکی سی ڈی آرز غلط استعمال کی شکایات سامنے آنے پر آڈٹ ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ، آڈٹ ٹیمیں لاہورسمیت پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر موبائل فونز کا ریکارڈ چیک کرنے والے افسران کا سراغ لگا ئیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق موبائل فون کی کالز کی سی ڈی آرریکارڈکا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بہت ساری شکایات موصول ہورہی تھیں کہ بلاوجہ موبائل کاڈیٹا چیک کیا جارہاہے جس پر انویسٹی گیشن ونگ کی جانب سے لاہورسمیت پنجاب بھرمیں چیکنگ کیلئے خصوصی آڈٹ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ٹیمیں چیکنگ میں ایس اوپیزکے مطابق دیکھیں گی کہ کیا افسران نے بغیرایف آئی آر کسی عام شہری کا ریکارڈ تو چیک نہیں کیا۔سی ڈی آر حاصل کرنے والے انچارج تبادلے کے بعدکوڈ استعمال تو نہیں کررہے ۔ٹیمیں سی ڈی آرزانچارج کیجانب سے ریکارڈچیک کرنے کی تفتیش کریں گی کیونکہ لاہورپولیس1ماہ میں اوسطاً12ہزارافرادکاریکارڈنکلواتی ہے ۔ چھوٹے شہروں میں3500ملزمان اورشہریوں کاکال ریکارڈچیک کیاجاتاہے ۔ پولیس بغیرایف آئی آرکسی شہری کاکال ریکارڈچیک نہیں کرسکتی، آڈٹ ٹیمیں پہلے 6ماہ کاریکارڈچیک کرکے رواں ماہ میں رپورٹ پیش کرینگی ۔