’’کٹھ پتلی ہمیشہ بونگی مارتا ہے مریم کی گاڑی پر ’قبائلی‘رقص سڑک گھنٹوں میں مرمت‘‘:جھلکیاں
پی ڈی ایم کے کراچی میں منعقدہ جلسے میں 160 فٹ طویل اور 60 فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا
کراچی(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) جلسے کی نظامت کے فرائض صوبائی وزیر سعید غنی نے انجام دئیے ۔ پارٹی کے کارکنان ، رہنماؤں ذوالفقار علی بھٹو ، بے نظیر بھٹو ، راشد ربانی اور شہید وں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اتوار کی دوپہر کراچی پہنچیں تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ مریم نواز کی گاڑی کے بونٹ پر کیک کاٹا گیا ، کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے ۔ گاڑی کے بونٹ پر قبائلی افراد جیسا روپ دھارے بعض کارکن رقص کرتے رہے جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اور رقص کی ویڈیو شیئر کی ۔مریم نواز نے ڈانس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ’ریڈ انڈین‘ بھی کراؤڈ میں موجود تھے ۔ مریم نواز کو لے جانے کے لیے بلٹ پروف گاڑی ایئر پورٹ بھیجی۔شہر قائد کے علاقے شارع فیصل پر مریم نواز کی آمد کے موقع پرمریض کو لے جانے والی ایمبولینس پھنس گئی۔ ایمبولینس ڈرائیور مریض کو فوری ہسپتال پہنچانے کے لیے مسلسل سائرن بجاتا رہا لیکن ریلی کے شرکا نے ایمبولینس کو راستہ نہیں دیا۔بعدازاں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے ایمبولینس کے لیے راستہ کلیئر کروایا۔اس کے علاوہ پی ڈی ایم کے جلسے کے پیش نظر طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار خداداد کالونی سے نمائش جانے والی سڑک گھنٹوں میں مرمت کردی گئی۔ اندرون سندھ سے آنے والے قافلوں نے ہائی وے قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی، لوگوں کو بسوں اور گاڑیوں کی چھتوں پر بٹھا کر لایا گیا اور قافلوں میں شامل گاڑیاں ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس دیئے بغیر آخری لین سے گزریں۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کٹھ پتلی ہمیشہ جذبات میں کوئی نہ کوئی بونگی مارتا ہے ، اس نے کہا خواجہ آصف کو باجوہ صاحب نے جتوایا اور اسے یہ خیال نہیں آیا کہ میں خود دھاندلی کا اعتراف کر رہا ہوں ، باجوہ صاحب آپ ہمارے لیے قابل احترام ہیں ۔ لیکن بے وقوف دوستوں سے بچیں۔