سابق امیر البحر ایڈمرل فصیح بخاری اسلام آباد میں سپردخاک
صدر ، وزیراعظم سمیت دیگرکی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں
اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر) سابق امیر البحر ایڈمرل فصیح بخاری کو اسلام آباد میں سپرد خاک کردیا گیا،نمازجنازہ میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی اور دیگر ریٹائرڈ ،حاضر سروس افسران اور سویلینز نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،ان کا پیشہ ورانہ سفر چار دہائیوں پر مشتمل تھا ، فصیح بخاری نے 1965 کی جنگ میں دوارکا آپریشن میں حصہ لیا اور پی این ایس ہنگور کے دلیرانہ اقدام میں بھارتی جہاز ککری کو ڈبویا گیا تھا ، فصیح بخاری نے جنوری 1959 میں پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کی اور ابتدائی تربیت رائل نیول کالج، ڈارتھ ماؤتھ، برطانیہ سے حاصل کی ،انہوں نے نیول وار کالج فرانس سے گریجوایشن مکمل کی ، مئی 1997 میں انہیں پاک بحریہ کا 13واں سربراہ تعینات کیا گیا، فصیح بخاری نے بحری بیڑے اور سب میرین سکواڈرن کی سربراہی، چیف آف سٹاف کے فرا ئض انجام دینے کے ساتھ سعودی عرب میں سینئر نیول افسر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں ،انکی اعلٰی خدمات کے اعتراف میں انہیں نشانِ امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا تھا،ایڈمرل فصیح بخاری کی لحد پر صدر پاکستان، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف نیول سٹاف، سینئر نیول افسران اور اعلیٰ سول شخصیات کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments