شاہ سلمان کی نوازشریف کو سعودی عرب میں مستقل رہائش کی پیشکش
سابق وزیراعظم نوازشریف کو پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے پر کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا
اسلام آباد (طارق عزیز) ان کیلئے مناسب ، باعزت اور قانونی آپشن موجود ہیں، سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے نوازشریف کو سعودی عرب آنے اور ملاقات کی دعوت کا پیغام بھجوایا ہے اور کہا ہے کہ اگر نوازشریف مستقل طور پر سعودی عرب رہنا چاہیں تو سعودی عرب ان کا خیرمقدم کرے گا، قوی امکان ہے کہ نوازشریف مستقل طورپر نہ سہی لیکن عمرہ کی ادائیگی اور سعودی حکمرانوں شاہ سلما ن اور محمد بن سلما ن سے ملاقات کیلئے جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے ، دورے کے پیش نظر نوازشریف کے سٹاف افسر، حسین نواز کے ذاتی دوست ، سکول فیلو و دیگر سٹاف کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں پر وہ نوازشریف کی حسین نواز کی رہائش گاہ پر قیام کے انتظامات میں مصروف ہیں، سعودی عرب دورے کے دوران نوازشریف کا مسکن اپنے بیٹے حسین نوازکا گھر ہوگا، رپورٹ کے مطابق برطانوی وزارت خارجہ نے بھی نوازشریف کو گرین سگنل دیدیا ہے کہ آپ اپنا علاج مکمل ہونے تک لندن میں پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے کے باوجود رہ سکتے ہیں، برطانوی قوانین کے تحت ساٹھ سال سے زائدعمر کا شخص جو علاج کی غرض سے برطانیہ میں موجود ہو ،پاسپورٹ یا ویزا ختم ہونے کے ڈیڑھ سال بعد تک فیملی سمیت رہ سکتا ہے ، رپورٹ کے مطابق نوازشریف سعودی حکمرانوں سے ملاقات ، عمرہ کیلئے سعودی عرب ضرور جائیں گے لیکن مستقل رہائش لندن میں ہی رکھیں گے ، آخری آپشن کے طور پر امریکا منتقلی پر غور کیاگیا ہے تاہم اس کے امکانات کم ہیں لیکن ان کے ذاتی اور کاروباری دوست شیخ سعید ممکنہ انتظامات کیلئے منصوبہ بندی کرچکے ہیں ، مذکورہ بالا صورتحال میں نوازشریف کے پاس ایک سے زائد چوائس موجود ہے ، نوازشریف اگر قطر منتقل ہونا چاہیں تو وہاں کے حکمرانوں سے سیف الرحمان بات کرچکے ہیں جنہوں نے نوازشریف کی متوقع آمد کا خیرمقدم کیاہے ، اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ نوازشریف لندن چھوڑ کر امریکا ، سعودیہ یا قطر منتقل ہوجائیں البتہ وہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب ضرور جائیں گے ، رپورٹ کے مطابق نوازشریف کو برطانیہ میں سیاسی پناہ لینے کی بھی ضرورت نہیں ، وہ علاج کی بنیاد پر مزید 18 ماہ قیام کرسکتے ہیں جس کیلئے کامن ویلتھ ، برطانوی وزارت خارجہ نے گرین سگنل دیدیا ہے ۔