عمران کے دستخط سے 2کمپنیاں امریکا میں رجسٹرڈ :اکبر بابر
اِن کمپنیوں کا پیسہ پی ٹی آئی اکاؤنٹس میں آتا ہے ،میرے پاس ثبوت ہیں پی ٹی آئی نے کیس مؤخر کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زورلگایا ، "نقطہ نظر" میں گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے بانی رکن اور مدعی فارن فنڈنگ کیس اکبر ایس بابر نے کہاہے کہ دو کمپنیاں عمران خان کے دستخطوں سے امریکامیں رجسٹرڈ ہیں،اِن کمپنیوں کا پیسہ پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں آتا ہے ،فارن فنڈنگ کیس ایک منفرد کیس ہے ، پی ٹی آئی اگر اب مثال بنتی ہے تو پھر تمام سیاسی جماعتوں کا احتساب ہوگا،پی ٹی آئی نے اس کیس کو مؤخر کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زورلگایا،آج تمام اپوزیشن جماعتوں نے اس بڑے مقصد کو اجاگر کیا جس کیلئے میں نے کیس کیا تھا۔پروگرام "نقطہ نظر" میں گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس ایک منفرد کیس ہے ، میں نے جو ثبوت الیکشن کمیشن کو فراہم کئے اس کا بنیادی مقصد ہی یہی تھا کہ معاشرے کیلئے مثال قائم ہو، اِسی لئے میں نے اپنا سب کچھ داؤ پر لگایا،مجھے نظر آرہا تھا کہ دھوکہ ہو رہا ہے ،الیکشن کمیشن 19اکتوبر2010کو تحریری طور پر فیصلہ دیتا ہے کہ کیس میں تاریخی تاخیری حربے استعمال کئے گئے ، سکرونٹی کمیٹی بنے تین سال ہوگئے ،80کے قریب میٹنگز بھی ہوئیں،الیکشن کمیشن میں بار بار درخواستیں دیں کہ سکرونٹی کمیٹی فیصلہ کرے تا کہ کیس آگے بڑھے ۔ میرے پاس ایک فورم تھا کہ میں پاکستانی عوام کو پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی حقیقت بتاؤں، میں نے جو حقائق بتائے آج تک ایک حقیقت کو بھی نہیں جھٹلایا گیا،پی ٹی آئی نے ہائیکورٹ سمیت ہر جگہ درخواست دی کہ تمام کارروائی کو خفیہ رکھا جائے ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کیس میں غیر قانونی اور غیر ملکی فنڈنگ ہے ، میرے پاس حتمی ثبوت ہیں،پی ٹی آئی کے رکن مجھے گھر آکر کہتے کہ ہنڈی کے ذریعے اتنے کروڑ روپے آئے ، ہمارے اکاؤنٹس کو استعمال کیا گیا ۔