وزیر خزانہ کی برطرفی دراصل پی ڈی ایم کی کامیابی: بلاول

وزیر خزانہ کی برطرفی دراصل پی ڈی ایم کی کامیابی: بلاول

پارلیمانی سیاست حکومت کیخلاف موثر ثابت ہوئی جو ناکام پالیسیوں کے باعث مہنگائی کا اعتراف کررہی ،چیئرمین پی پی ، حفیظ شیخ کی برطرفی "سب کچھ لٹا کے ہوش میں آئے " کے مترادف ، کائرہ، اگلی باری عمران خان کی ہوگی،شیری رحمن

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیرخزانہ کی برطرفی دراصل پی ڈی ایم کی کامیابی ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام میں بلاول نے کہا پی ٹی آئی ایم ایف کے وزیر کو عہدے پر کام جاری رکھنے کے لئے سینیٹ میں جیت درکار تھی جسے ان کی شکست نے ناممکن بنادیا۔اب حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ہونے والی بدترین مہنگائی کا اعتراف کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا پارلیمانی سیاست اس حکومت کے خلاف سب سے زیادہ موثر ثابت ہوئی ہے ۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے حفیظ شیخ کی برطرفی "سب کچھ لٹا کے ہوش میں آئے "کے مترادف ہے ،یہ دراصل پیپلز پارٹی کے موقف کی جیت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت اب نابالغ وزیر کے ہاتھ میں دیدی گئی ہے ۔پاکستان کی معیشت جتنی تباہ اور عوام کی زندگی جتنی اجیرن ہونا تھی وہ تو ہو چکی ہے ،اب حکمران چہرے بدل کر کسے بیوقوف بنانا چاہتے ہیں،ان سے اچھائی کی توقع عبث ہے ۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز شازیہ عطا مری نے کہا نااہل وزیر اعظم نے ملک ہی آئی ایم ایف کے حوالے کردیا ہے ۔ صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ نہ دینا آئین سے انحراف ہے ۔ عوام کا خون نچوڑ کر حکومت چلائی جا رہی ہے ۔ پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے اپنے بیان میں کہا سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں شکست کے بعد حفیظ شیخ کی وکٹ ہی اڑگئی۔ انہوں نے کہا حفیظ شیخ ملک کی معاشی تباہی کے اکلوتے ذمہ دار نہیں بلکہ پوری کابینہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی ذمہ دار ہے ،آج حفیظ شیخ گئے اگلی باری عمران خان کی ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں