ایران کا2امریکی لڑاکا طیارے مارگرانےکا دعویٰ،پائلٹ پکڑنے پر 10ارب انعام

ایران کا2امریکی لڑاکا طیارے مارگرانےکا دعویٰ،پائلٹ پکڑنے پر 10ارب انعام

ایرانی میڈیا نے تباہ شدہ طیارے کی تصاویر شیئرکردیں ،وائٹ ہاؤس کی بھی تصدیق ،ابوظہبی میں حملے ،ایک شخص جاں بحق ،دبئی میں مسیحی اجتماعات منسوخ کویت کی آئل ریفائری میں آگ لگ گئی ،لبنان میں پل تباہ ، امریکا آبنائے ہرمز کھلوانے میں مزید وقت لے سکتا ،تیل سے مالی فائدہ اٹھا سکتے ہیں :ڈونلڈٹرمپ

تہران ،واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)ایران نے امریکا کے 2طیارے مار گرائے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناہے کہ امریکا آبنائے ہرمز کھلوانے میں مزید وقت لے سکتا ہے ،تھوڑا زیادہ وقت لگا کر ہم آبنائے ہرمز کو آسانی سے کھلوا سکتے ہیں، اس سے تیل لے سکتے ہیں اور اس سے مالی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایران نے  24 گھنٹوں میں امریکا کے 2طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیاہے ۔پاسدارانِ انقلاب نے کہا ایک امریکی اے 10طیارہ آرمی ایئرڈیفنس فورس کے دفاعی نظام کے نرغے میں آ کر خلیجی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا جبکہ ایران کے جنوب مغرب میں ایک ایف 15طیارے کو نشانہ بنایاگیاجس کاملبہ بھی اسی علاقے میں گرا ۔ ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ لڑاکا طیارے سے انخلا کرنے والے پائلٹ کی تلاش میں امریکی ریسکیو ٹیم کے جہاز کو بھی پرواز کرتے دیکھا گیا ہے ۔خبر رساں ادارے تسنیم نے اس حوالے سے مبینہ ملبے کی تصاویر بھی جاری کیں اور کہا کہ طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے جس کے باعث پائلٹ کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہیں ۔ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حکام نے اعلان کیا ہے کہ جو کوئی بھی امریکی طیارے کے کسی عملے کے رکن کو زندہ پکڑے گا اسے 10 ارب تومان (تقریباً 50 ہزار پاؤنڈ)انعام دیا جائے گا۔

جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار 19 مارچ کو ایران نے امریکا کا ایف35 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا اورگزشتہ 24گھنٹوں میں مزید دو طیارے گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران میں مار گرائے گئے امریکی طیارے کے متعلق بریفنگ دی گئی ہے ۔ایک امریکی اہلکار نے خبر رساں ادارے رائٹرز، نیویارک ٹائمز اور ایگزیوز کو بتایا کہ عملے کے ایک رکن کو ریسکیو کر لیا گیا ہے جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے ۔ ایرانی میڈیا میں دعویٰ کیا کہ ایرانی فورسز نے امریکی پائلٹ کو تحویل میں لے لیا ہے تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پیغا م میں کہاکہ امریکا آبنائے ہرمز کھلوانے میں مزید وقت لے سکتا ہے ۔ امریکا نہ صرف اس اہم سمندری گزرگاہ کو کھول سکتا ہے بلکہ وہاں سے تیل حاصل کر کے بڑی دولت بھی کما سکتا ہے ۔ انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے وہ جب چاہیں بڑی آسانی کے ساتھ اور کسی کی مدد کے بغیر بھی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول سکتے ہیں۔دوسری طرف ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بحری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ بہنام رضائی کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے ،اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے 26 مارچ کو ایک حملے میں بہنام رضائی کو نشانہ بنایا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایرانی حملے کے بعد انٹرسیپٹر کا ملبہ گرنے سے آگ بھڑکنے کے بعد حبشان گیس تنصیبات کو بند کر دیا گیا۔آتشزدگی سے ایک مصری شخص جاں بحق اور2پاکستانیوں سمیت 4زخمی ہوگئے ۔ دبئی کی تمام کیتھولک عبادت گاہوں میں ایسٹر سے قبل مسیحی اجتماعات منسوخ کر دئیے گئے ۔ حکومتی ہدایات کے بعد جمعہ کو سینٹ فرانسس آف اسیسی چرچ اورسینٹ میری کیتھولک چرچ نے اپنی ویب سائٹس پر اعلان کیا کہ سکیورٹی وجوہات کی بناپر تمام مسیحی اجتماعات آئندہ اطلاع تک منسوخ ہیں۔ایران کی جانب سے کویت کی بڑی آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ کیاگیا جس سے کئی آپریشنل یونٹس میں آگ بھڑک اٹھی۔کویت پٹرولیم کارپوریشن کے بیان کے مطابق حملے میں مینا الاحمدی ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا، ایمرجنسی رسپانس ٹیمز آگ پر قابو پانے کیلئے کام کر رہی ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔لبنان کے مشرقی حصے میں اسرائیل نے جمعہ کو ایک پل تباہ کر دیا، جو سوہمور اورمشگھارا کو جوڑتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں