27لاکھ کا اپارٹمنٹ، درخواستگزاروں کو بینک قرض دیگا
چار منزلہ عمارتوں میں 32گھر، 60فیصد جگہ سڑکوں، پارکس کیلئے ہوگی
لاہور(سٹاف رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان ہائوسنگ اپارٹمنٹس موضع ہلوکی میں تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان ہائوسنگ اپارٹمنٹس منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ابتدائی طور پر ان اپارٹمنٹس کی لاگت کا تخمینہ تقریبا ً45لاکھ روپے فی اپارٹمنٹ لگایا گیا تھا تاہم وزیراعظم کے ویژن کے تحت کم آمدنی والے لوگوں کو یہ سہولت مہیا کرنے کے لئے ہم نے انتھک محنت کی اور اس لاگت کو کم کر کے تقریباً 27لاکھ روپے تک لانے میں کامیاب ہو گئے ۔یہ جگہ رنگ روڈ کے دونوں طرف واقع ہے اور فیروز پورروڈ اور ڈیفنس روڈ سے بھی قریب ہے ۔اس منصوبے کے تحت کل 35000 اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے ۔پہلے مرحلے میں چارہزار رہائشی اپارٹمنٹ تعمیر کئے جارہے ہیں ۔چار منزلہ اپارٹمنٹس کے 125بلاک تعمیر کئے جائیں گے ، ایک بلاک32رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا۔ہر اپارٹمنٹ کا رقبہ 650 مربع فٹ ہوگا، یہ دو بیڈروم دو باتھ روم اور بالکونی پر مشتمل ہو گا، تعمیراتی معیار اے کیٹیگری کے قریب رکھا گیا ہے ۔اپارٹمنٹس بلاکس میں ساٹھ فیصد سے زیادہ جگہ سڑکوں،گرین بیلٹس،پارکس وغیرہ کے لئے رکھی گئی ہے ۔ اپارٹمنٹ کی قیمت آسان ماہانہ اقساط میں وصول کی جائے گی۔ قرعہ انداز ی میں کامیاب امیدواروں کو بینک طے شدہ شرائط پر آسان قرضہ جاری کرے گا۔ ایل ڈی اے ڈیڑھ سال میں منصوبہ مکمل کرنے کا پابند ہوگا۔ پنجاب حکومت نے سکیم کے 10 ہزار سے زیادہ فائل ہولڈرز کو پلاٹ دینے کے لئے درکار اراضی حاصل کر لی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق شفاف قرعہ اندازی کر کے تمام 10017فائل مالکان کو پلاٹ الاٹ کئے جارہے ہیں۔