مزید68اموات ،لاہور میں کورونا مثبت کیسز 10فیصد

مزید68اموات ،لاہور میں  کورونا مثبت کیسز 10فیصد

ملک میں کوروناسے مزید68 اموات رپورٹ ہوئی ہیں ،لاہورمیں 13افراددم توڑگئے

اسلام آباد،لاہور ( خصوصی نیوزرپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اپنے کامرس رپورٹر سے ،ایجوکیشن رپورٹر)لاہور میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 10 فیصد رہی۔ملک بھرمیں 2 ہزار 928 نئے کیسزسامنے آگئے ،ٹرینوں میں ویکسین سرٹیفکیٹ چیک کئے جائیں گے ،پنجاب یونیورسٹی میں بھی پابندیاں عائدکردی گئیں۔ کورونا سے جاں بحق ہو نے والوں کی تعداد 27 ہزار 72 ہوگئی، ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 626 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔دوسری جانب این سی اوسی کے مطابق ملک بھر میں4ہزار 960کورونا مریض تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔ گزشتہ روز لاہور میں کورونا سے 13 جبکہ صوبہ بھر میں 26 اموات رپورٹ ہوئیں۔ سیکرٹری عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے 1227نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ لاہور میں 553 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ مثبت شرح 10 فیصد ریکارڈکی گئی۔ادھربغیر ویکسین ٹرینوں میں سفر پر پابندی کے باعث ریلوے انتظامیہ نے چیکنگ کے لیے سپیشل ٹیموں کو ٹاسک دے دیا۔ ایس ٹی ایز، کنڈیکٹر گارڈ اور ریلوے پولیس ملازمین دوران سفر مسافروں کا ویکسین سرٹیفکیٹ چیک کریں گے ۔ دوسری جانب ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہونے کے باعث لاہورریلوے سٹیشن پر شدید رش رہا، ریلوے انتظامیہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد میں ناکام ہوگئی۔علاوہ ازیں پنجاب یونیورسٹی نے 30 ستمبر تک ویکسی نیشن نہ کرانے والے اساتذہ و ملازمین کی تنخواہ روکنے کا اعلان کردیاہے ۔ طلبہ کے کلاس میں بیٹھنے اورامتحان دینے پربھی پابندی عائدکردی گئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں