قائد اعظم یونیورسٹی کے باہرمنشیات کی فروخت

قائد اعظم یونیورسٹی کے  باہرمنشیات کی فروخت

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کو آگاہ کیاگیاکہ قائد اعظم یونیورسٹی کے باہر موجود ہٹس(کھو کھوں ) کے باہر منشیات کی فروخت ہوتی ہے

اسلام آباد(نامہ نگار) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کو آگاہ کیاگیاکہ قائد اعظم یونیورسٹی کے باہر موجود ہٹس(کھو کھوں ) کے باہر منشیات کی فروخت ہوتی ہے تاہم یونیورسٹی کو دھویں سے پاک بنادیاہے ۔ گزشتہ روز کمیٹی کا اجلاس چیئرمین صلاح الدین ایوبی کی زیر صدارت کوہسار بلاک میں منعقد ہو ا۔ اجلاس میں قائد اعظم یونیورسٹی کا معاملہ زیر بحث لایاگیا ۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی نے بتایاکہ 23 کلومیٹر میں سے 11 کلومیٹر کی باؤنڈری وال(چار دیواری ) یونیورسٹی کے ارد گرد تعمیر کی گئی ہے تاہم یونیورسٹی کی زمین کے حوالے سے کچھ تنازعات ہیں جن کی وجہ سے 700 ا یکڑ یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ تھا جس کی وجہ سے یونیورسٹی کے علاقے میں منشیات کو کنٹرول کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایاکہ یونیورسٹی کے احاطے کے باہر موجود زیادہ تر( HUTS )منشیات سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ اجلاس میں کے پی کے اے این ایف کے معاملہ پر کمیٹی کو حکام نے بتایاکہ خیبر پختونخوا حکومت نے ایکٹ کے ذریعے صوبے میں اے این ایف کے کردار کو ختم کیا۔ تاہم کے پی کے میں 300 اہلکار تعینات کیے گئے ۔کمیٹی نے مؤثر قانون سازی کے ذریعے ملک میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے وزیراعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا ۔کمیٹی نے سفارش کی کہ صوبائی حکومت اپنا کردار ادا کرے اور اپنے پی ایس ڈی پی میں انسداد منشیات کے لئے بجٹ بھی مختص کرے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں