اسلام آباد دھماکہ، پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے، داعش کے افغانی ماسٹر مائنڈ سمیت 4 سہولت کار گرفتار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کے 4 سہولت کار گرفتار کر لیے گئے۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے مارے، اس آپریشن میں ایک اہلکار شہید ہو گیا۔

بتایا گیا ہے کہ آپریشنز ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس کے نتیجے میں کیے گئے، خود کُش حملے کا داعش افغانی ماسٹر مائنڈ بھی گرفتار کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: خودکش حملہ آور کے گھر پر چھاپہ، 2 بھائیوں، خاتون سمیت 4 افراد گرفتار

سکیورٹی ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ حملے کی منصوبہ بندی، تربیت اور ذہن سازی افغانستان میں داعش نے کی، افغان طالبان کی سرپرستی میں داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں خطے اور عالمی امن کے لئے بڑا خطرہ ہیں۔

سہولت کاروں کی گرفتاری کے آپریشن میں وطن کا ایک بیٹا شہید اور تین زخمی ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے خلاف مزید انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں کی امام بارگاہ میں خودکش دھماکہ سے 33 افراد جاں بحق اور 162 زخمی ہوئے، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جن کا پمز اور پولی کلینک ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔

چین، امریکا، روس، آذربائیجان، کینیڈا، آسٹریلیا، جرمنی، ایران، افغانستان، بھارت، اقوام متحدہ، یورپی یونین سمیت عالمی برادری نے اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں