ڈینگی کے وار جاری،ایک جاں بحق، 900متاثر

ڈینگی کے وار جاری،ایک جاں بحق، 900متاثر

لاہور373،اسلام آباد120،پشاور میں 228مریض رپورٹ ، پمز میں زیر علا ج شہری چل بسا،اسلام آباد4،پنجاب میں 18ہلاکتیں

لاہور،اسلام آباد،پشاور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،ایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا کے بعد ڈینگی کے حملے تیز ہوگئے ، 24گھنٹوں میں ایک شخص جاں بحق ہو ا اور 900 نئے مریض رپورٹ ہوئے ،پنجاب میں سب سے زیادہ 373،پشاور228، اسلام آباد میں 120کیس رپورٹ ہوئے ، ڈینگی سے وفاقی دارالحکومت میں ایک شخص دم توڑ گیا ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی سے 59، فیصل آباد سے 10 ،ننکانہ صاحب سے 8 ، اٹک اور حافظ آباد سے 7، 7، مظفرگڑھ سے 5، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 4،4، بہاولنگر،پاکپتن اور سرگودھا سے 3،3مریض رپورٹ ہوئے ۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں سال پنجاب سے اب تک ڈینگی کے 5,709 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں۔ رواں سال اب تک لاہور سے ڈینگی کے 4,220 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں ۔صوبے میں اب تک ڈینگی سے 18 اموات رپورٹ ہو چکیں۔ اسلام آباد میں موذی مرض سے پمز ہسپتال میں زیر علاج شخص انتقال کرگیا جس سے شہر میں ہلاکتوں کی تعداد 6ہوگئی ،وفاقی دارالحکومت میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1649 ہو گئی ۔پشاور کے ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ 228مریض ہسپتال لائے گئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد3796ہو گئی، گزشتہ24گھنٹوں کے دوران106افراد ڈینگی سے صحتیاب ہوئے تاہم اب تک صوبے میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 4ہو گئی ہے جن میں سے 2اموات خیبر،1مانسہرہ اور1نوشہرہ میں ہوئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں