سپریم کورٹ :نیب سے خورشید شاہ کی گرفتار ی کا ریکارڈ طلب

سپریم کورٹ :نیب سے خورشید شاہ کی گرفتار ی کا ریکارڈ طلب

سابق اپوزیشن لیڈر پر لگائے گئے الزامات سمیت مقدمے کا تمام ریکارڈ بھی طلب

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ) سپریم کورٹ نے اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کی گرفتاری پر قومی احتساب بیورو(نیب ) سے گرفتاری کا بنیادی مواد طلب کرلیا۔ عدالت نے نیب کی طرف سے کیس کے التوا کی استدعا مسترد کرکے سماعت آج جمعرات تک ملتوی کردی اور خورشید شاہ پر لگائے گئے الزمات سمیت مقدمے کا تمام ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ جسٹس منصور علی شاہ نے نیب کے پراسیکیوٹر سے کہا کہ وہ صرف یہ بتائیں کہ یہ کیس نیب کے دائرہ کار میں ہے یا نہیں کیونکہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ نیب نے ریفرنس دائر کرنے کی بجائے خورشید شاہ کو گرفتار کیوں کیا؟ جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ جب خورشید شاہ نے زمین خریدی کیا وہ پبلک آفس ہولڈر تھے ؟ اس پر وکیل استغاثہ نے عدالت کے سوالات کا جواب دینے اور رپورٹ دائر کرنے کے لیے مہلت کی استدعا کی تو عدالت نے استدعا مسترد کردی اور جسٹس منصور علی شاہ نے ریما رکس دیئے کہ ایک فیکس کے ذریعے تمام مواد آ جائے گا۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے استفسار پر وکیل صفائی نے بتایاکہ اصل معاملہ 574 ایکڑ زمین خریدنے کے لیے ادا کی جانے والی رقم کا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں