ماحولیاتی آلودگی کی وجہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ہیں،کمیشن
جلوموڑسے کھیراپل تک روڈ3ماہ میں مکمل نہ ہوسکا،فوری تعمیرکاحکم دیاجائے ، صنعتی یونٹس سیل،فصلیں جلانے پرجرمانے کئے ،لاہورہائیکورٹ میں رپورٹ جمع
لاہور(محمد اشفاق سے )ماحولیاتی کمیشن کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ سموگ اورماحولیاتی آلودگی کی وجہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ہیں،جلوموڑ سے کھیراپل تک روڈ3ماہ میں مکمل نہ ہوسکا،فوری تعمیرکاحکم دیاجائے ۔چیئرمین ماحولیاتی کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کی جانب سے فوکل پرسن سید کمال حیدر نے لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کروائی۔روزنامہ دنیاکوملنے والی رپورٹ کے مطابق سڑکوں کی عدم تعمیر آلودگی کا باعث بن رہی ہے اور رہائشیوں کے لیے بھی اذیت کا سبب ہے ،جلو موڑ سے کھیرا پل تک 3 کلو میٹر روڈ 3 ماہ میں بھی مکمل نہ ہوسکا،عدالت سے گزارش کی گئی کہ میونسپل کارپوریشن کو ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی فوری تعمیر کا حکم دیا جائے ۔رپورٹ میں مزید کہا گیاکہ صوبہ بھر میں 7410بھٹوں کا معائنہ کیا اور جرمانے کیے گئے ، 911بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ، 46افراد کوگرفتار جبکہ 363 بھٹوں کو سیل کیا گیا ۔رپورٹ کے مطابق دھواں چھوڑنے والی 20455گاڑیوں کو 7.5ملین کے جرمانے کیے گئے ، 4155صنعتی یونٹس کو چیک کیا گیا، آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس انتظامیہ کے خلاف 315مقدمات درج اور 123افراد کو گرفتار کیا گیا،عدالتی احکامات پر لاہور میں سموگ کا باعث بننے والے 243صنعتی یونٹس کو سیل کیا گیا، صوبہ بھر میں فصلوں کی باقیات کو جلانے والے 2768افراد کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ 1167 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ۔سی ٹی او لاہور نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے تیسری رپورٹ جمع کرائی ۔