ڈی اے پی کھاد :قیمت میں 400روپے بوری اضافہ

ڈی اے پی کھاد :قیمت میں 400روپے بوری اضافہ

خانیوال،شکرگڑھ(آئی این پی،تحصیل رپورٹر) ڈی اے پی کھاد قیمت میں 400روپے فی بوری اضافہ ہوگیا،نئی قیمت فی بوری 10ہزارہوگئی، سٹاک نہ ہونے کے برابر،قلت کاامکان پیداہوگیا،شکرگڑھ میں ایڈوانس دینے کے باوجود کسان کھادسے محروم رہے جس کیخلاف احتجاج کیاگیا۔

 انٹرنیشنل مارکیٹ میں فاسفورس کھادوں کی قیمتوں میں اضافہ سے پاکستان میں بھی ڈی اے پی کھاد کی بوری میں 400 روپے کا اضافہ کردیا گیا،قیمت میں اضافہ کے بعد ڈی اے پی کھاد کی بوری 10 ہزارروپے کی ہوگئی ،فاسفورس کھادوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا امکان ہے ۔ شکرگڑھ کے علاقے کوٹ نیناں میں کھاد ڈیلروں کی جانب سے کھاد نہ دیئے جانے پر کسان رات بھر دکانوں کے باہر کھڑے رہے ۔ ایڈوانس میں سرکاری ریٹ سے زیادہ رقم دیکر بھی کھاد نہ ملنے پر احتجاج بھی کیا۔کوٹ نیناں میں رات گئے کھاد سے بھرے ٹرالے میں 1200بوری پہنچی تو دن بھر تلاش کے مارے کاشتکار اکٹھے ہوگئے اور کھاد نہ ملنے پر احتجاج کیا۔کسانوں کا کہنا ہے کہ کافی دن پہلے کھاد کیلئے پیسے ڈیلروں کو جمع کروا رکھے ہیں مگر اب کھاد لینے کیلئے آئے ہیں تو ہمیں ذلیل کیا جا رہا ہے اور کھاد کے ٹرک چھپائے گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ دکانداروں کا کھاد دینے کا وقت صبح 9بجے سے شام 5 تک کا ہے ۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ حکومتی ناقص پالیسی کی بدولت منہ مانگے دام ایڈوانس دینے کے باوجود کھاد نہیں مل رہی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں