نوازشریف کے نام 1649کنال اراضی منجمدکی:نیب
لاہور(محمد اشفاق سے )نیب نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں نوازشریف کی منجمد کی گئی جائیدادوں کی تفصیلات احتساب عدالت میں جمع کرادیں۔
نیب نے جواب میں بتایا نوازشریف کے نام 1649کنال اراضی منجمدکی۔ نیب کے مطابق جائیداد منجمد کرنے کے خلاف درخواستیں دائر کرنے والے افراد نے ایسی دستاویزات نہیں دیں جن سے ثابت ہو کہ منجمد کی گئی جائیداد ان کی ہے ،نیب نے نواز شریف کے علاوہ کسی اور فرد کی جائیداد یا شیئر منجمد نہیں کیے ،درخواست گزاروں کے اعتراضات بلا جواز ہیں ،لہذا عدالت اعتراضات مسترد کرے ۔نیب نے جواب میں بتایا نواز شریف کے نام مختلف شہروں میں کل 1649 کنال 39 مرلے زرعی اراضی منجمد کی گئی جس میں لاہور کے تین مختلف موضع جات میں ان کے نام پر 1547کنال زرعی اراضی بھی شامل ہے ۔
نیب کے جواب میں کہا گیا کہ اپر مال لاہور میں بنگلہ نمبر 135 بھی نواز شریف کی ملکیت ہے جسے منجمد کیا گیا، ان کے نام پر ایک مرسیڈیز اور ایک ٹویوٹا لینڈ کروزر بھی منجمد اثاثوں میں شامل ہے جبکہ دو ٹریکٹرز بھی ان کی ملکیت ہیں، نیب کے مطابق نواز شریف کے مختلف کمپنیوں میں 8لاکھ62ہزار 294 کے شیئرز بھی منجمد اثاثوں میں شامل ہیں۔واضح رہے یوسف عباس اور دیگر نے نواز شریف کی جائیداد منجمد ہونے کے خلاف اعتراضات دائر کیے تھے ۔