یوم پاکستان: ایوان صدر، گورنر ہاؤسز میں تقریبات، 100 شخصیات میں اعزازات تقسیم
اسلام آباد،لاہور،کراچی، کوئٹہ ،پشاور (اے پی پی،سیاسی رپورٹر سے )یوم پاکستان پر ایوان صدر اور چاروں گورنر ہائوسز میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات میں سول اعزازات تقسیم کرنے کی تقریبات ہوئیں ، جن میں 100شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا ۔
ایوان صدر میں ہونیوالی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے 44شخصیات میں اعزازات تقسیم کئے ،صدر مملکت نے محمد نعیم ، نذرمحمد(ن م راشد مرحوم )اور مجید امجد (مرحوم ) کو نشان امتیاز،ڈاکٹر انعام الرحمن، ڈاکٹر قمر محبوب، طاہر اکرام، روحیل حیات اور کشور ناہید کو ہلال امتیازسے نوازا۔ ملائشیاسے تعلق رکھنے والے محمد عازمی عبدالحامد اور اومان کے شیخ احمد بن حماد الخلیلی کو ستارہ پاکستان کے اعزاز عطا کئے گئے ۔محمد بخش بروڈ،ریشماں بروڈ ،بریگیڈیئر شفیع اللہ کو ستارہ شجاعت،ڈاکٹر سید حسین امام عابدی، راشد رانا، سید عقیل بلگرامی، محمود الحق علوی (مرحوم) اور سلمان اقبال کو ستارہ امتیاز ، تجمل حسین، پروفیسر ڈاکٹر یاسر ایاز، شکیلہ ناز اور عرفان اللہ جان کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی ،چودھری خالد محمود (ناروے ) کو ستارہ قائداعظم ، محمد اکبر خان، آنجہانی اقبال مسیح، عبدالغفار شیخ شہید، ضیا حسین شہید،تبسم شبیر اعوان، عرفان احمد خان درانی، اسد اللہ قریشی، محمد علی، احمد علی، صادق حسین، نور الدین، ملک دارا خان شہید، محمد رحیم شاہ، محمد سعید شاہ، محمد ولید صابر خان، وقار احمد، عبدالقہار خان، جمیل احمد کلہوڑو اور عدنان ملک کو تمغہ شجاعت،پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد، مومنہ درید قریشی اور اسد محمودکو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
تقریب میں خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی، وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، وزیراعظم کے مشیروں اور معاونین خصوصی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ گورنر ہائوس پنجاب میں تقریب کے دوران گورنرچودھری سرور نے 12شخصیات میں سول اعزازات تقسیم کئے ۔ڈاکٹر عرفان اللہ خان ،ڈاکٹر آفتاب محمد رفیق اور پروفیسرڈاکٹر محمد جنید مغل کو سائنس ،پروفیسر ڈاکٹرروبینہ فاروق کو تعلیم ،محمد انیس ناگی مر حوم کو ادب ،فلم سٹار صائمہ نور کو اداکاری ،منصور حسن صدیقی کو خدمات عامہ میں تمغہ امتیاز دیا گیا ۔ رفعت عباس المعروف غلام عباس کو ادب ، نور محمد جرال کو نعت خوانی ، شہر یار زیدی کواداکاری ،اداکارہ نیلو کو اداکاری میں بعدازمرگ صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا ،ان کا ایوارڈ انکے بیٹے اداکار شان نے وصول کیا۔گورنر بلوچستان ظہو ر آغا نے گورنر ہائوس کوئٹہ میں ہونیوالی تقریب میں روشن خورشید بروچہ، ڈاکٹر فضل خالق، نرگس حمیداللہ ہزارہ، عظمت حسن بلوچ اور سجاد احمد کو صدارتی ایوارڈز سے نوازا ۔
جبکہ صوبائی ایکسیلنس ایوارڈ پانے والوں میں شفیق العالم معذور یار، عبدالرازق، نثار احمد، صابر علی، ڈاکٹر برکت شاہ کاکڑ، صاحبزادہ حمید اللہ (مرحوم)، ایثار حسین ذوق، اسسٹنٹ پروفیسر حسین بخش ساجد، محمد اکبر نسیم، عطا الرحمن خلجی، ڈاکٹر ساجدہ نورین اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود خٹک کے نام شامل ہیں۔گورنر پختونخوا شاہ فرمان نے سید ممتاز علی شاہ کو اداکاری ، شوکت محمود کو موسیقی اور قمرو جان کو لوک گلوکاری ، طاہر آفریدی(مرحوم) کو ادب ، شہزادہ سکندر الملک کو کھیل ، پروفیسر ڈاکٹرعثمان حسن کو تعلیم ،لعل محمد اعوان کو اداکاری میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی اوراعجاز سرحدی کو سازندہ سازی کے شعبہ میں تمغہ امتیاز سے نوازا ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 18افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کئے ،گورنر نے شاہد عبداللہ کو ستارہ امتیاز ، مرحومہ دردانہ بٹ ، اسماعیل تارا، منظور علی مرزا، سید ساجد حسن، شکور، امداد علی وگھیو، مدد علی سندھی، ایاز گل ، پروین سعید اور سونی فیصل کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف، ڈاکٹر فیض اللہ عباسی، روبینہ قریشی، زاہدہ سعید، پروفیسر شہلا باقی، محمد حنیف طیب اور ڈاکٹر محمد ہارون میمن کو تمغہ امتیازعطا کیا ۔