عمران خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہیں،پی ٹی آئی

عمران خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہیں،پی ٹی آئی

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،آئی ا ین پی ) تحریک انصاف کے رہنماؤ ں نے کہا کہ عمران خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ پولیس نے عمران کے گھر کے بسکٹ تک نہیں چھوڑے ،نقصان کا اندازہ لگا کر پرچہ دینگے ،زمان پارک کو مقبوضہ کشمیر اور فلسطین بنا دیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کسی موقع پر اسلام آباد کے داخلی راستوں کواس طرح بند ہوتے نہیں دیکھا۔ اسلام آباد ٹول پلازہ پر صرف ایک لین سے داخل ہونے کی اجازت دی گئی، عمران خان کی تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت ہو چکی ہے ،یہ عمران خان کو گرفتار نہیں کر سکتے ۔ اسد عمر نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو عدالت جانے کی اجازت دینے کی بجائے پولیس نے شیلنگ شروع کر دی ۔ پولیس کی جانب سے بدترین وحشت کا مظاہرہ کیا گیا ۔ فواد چودھری نے عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ پر پولیس آپریشن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فریج سے جوس تک اٹھا کر لے گئی۔ پولیس نے عمران خان کے گھر کے بسکٹ تک نہیں چھوڑے ،ان کاکہنا تھا کہ یہ ہے سرچ وارنٹ،مکمل نقصان کا اندازہ لگا کر پرچہ دیں گے ۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ اسلام آباد اور زمان پارک میں آج ریاستی دہشتگردی کی ہر حد پار کی گئی ، زمان پارک میں آئی جی کی جانب سے کی جانے والی ریاستی دہشتگردی شرمناک ہے ، پولیس ایسے داخل ہوئی جیسے ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیر کے گھروں میں گھُستی ہے ،زمان پارک کو مقبوضہ کشمیر اور فلسطین بنا دیا گیا ،آپ جو مرضی کر لیں لندن پلان کامیاب نہیں ہو گا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں