پہلی سحری :لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی،گیس بند

پہلی  سحری :لاہور  سمیت  کئی  شہروں  میں  بجلی،گیس  بند

لاہور،اسلام آباد،پشاور(اپنے کامرس رپورٹر سے ،اپنے رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک ) رمضان المبارک کی پہلی سحری،لاہورسمیت کئی شہروں میں بجلی اور گیس بند، صارفین کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا،اسلام آباد،راولپنڈی ، پشاور ،کوئٹہ، زیارت میں بجلی اور گیس غائب ،حکومتی دعوے دھرے رہ گئے ۔

تفصیل کے مطابق لاہورکے گنجان آباد اور ٹیل کے علاقوں میں گیس کے لو پریشر کی شکایات سامنے آئیں  والٹن روڈ،سمن آباد،علی پارک ،مومن پورہ، فتح گڑھ ،باغبانپورہ کے مختلف علاقوں میں صارفین کو لو پریشر کا سامنا کرنا پڑا رات 10 بجے سے صبح 3 بجے تک متعدد علاقوں میں گیس بند رہی،دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں تکنیکی خرابیوں کے باعث بجلی بندش کا بھی سامنا کرنا پڑا، پہلے روزے کے دوران چھٹی اور موسم خوشگوار ہونے کے باعث بجلی کی طلب میں واضح کمی ہوئی جس پر لیسکو انتظامیہ نے تمام کیٹیگریز پر عارضی طور پر لوڈشیڈنگ ختم کردی، لیسکو کی بجلی کی طلب 1950 میگاواٹ رہ گئی این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو کوٹے کے مطابق 2400 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔دوسری جانب چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کے مطابق لیسکو ریجن کے زیر انتظام علاقوں میں سحر و افطار اور تراویح کے دوران تمام گھریلو صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، لیسکو ہیڈ کوارٹر میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ،سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلا تعطل ترسیل کی خود نگرانی کروں گا۔ جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں شدید کمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے سحری کے وقت گیس نہ ہونے سے ہوٹلوں اور تندوروں کا رخ کر لیا، افطار کے وقت بھی گیس پریشر انتہائی کم رہا جس کے باعث افطاری بنانے میں گھروں میں خواتین شدید دشواری کا شکار رہیں۔ پشاور ،کوئٹہ اور زیارت میں گیس بندش، شہریوں کو پریشانی کا سامنا۔ پشاور کے علاقے کوچی بازار ،قصہ خوانی اور دیگر علاقوں میں گیس پریشر کم ، لوگوں کو افطاری کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بھانہ ماڑی ،غیاث آباد، پیپلزکالونی اوردیگر علاقوں سے بھی گیس غائب ہو گئی، علاوہ ازیں کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں افطار کے ا وقات میں سوئی گیس کی فراہمی معطل ہو گئی، کوئٹہ کے علاقے بردری ،سریاب،کواری،جان محمد روڈ پر سوئی گیس کی فراہمی بند رہی۔ نواکلی،اسیٹورٹ روڈ پشتون آباد میں بھی سوئی گیس دستیاب نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں