دو ججوں کا فیصلہ بینچ فکسنگ پر ہمارے بیانیے کی جیت: مریم

دو ججوں کا فیصلہ بینچ فکسنگ پر ہمارے بیانیے کی جیت: مریم

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،دنیا نیوز،این این آئی) مسلم لیگ ن نے نوازشریف کے خلاف غیر منصفانہ اور انتقامی فیصلے اور گواہیاں عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا۔

 ،عمران خان اور سہولت کاروں کے بارے میں تمام حقائق عوام کے سامنے لانے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی ۔مریم نواز کاکہناہے کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیے کی جیت ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا سہولت کاروں اور ان کے آلہ کار عمران خان کی کرپشن، بدعنوانیوں اور لوٹ مار کے حقائق لگی لپٹی رکھے بغیر سامنے لائیں ، کسی رو ،رعایت کے بغیر سچ قوم کو بتایا جائے ، کرداروں اور ان کے کرتوت سامنے لا نے کی بھی اجلاس میں منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب میں مریم نواز کاکہناتھا عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ، بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ تصور ہوگا؟۔انہوں نے کہا عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے ،ٹیریان، فارن فنڈنگ، توشہ خانہ مقدمات میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ مریم نے ترجمانوں کو ہدایت کی عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں۔

ان کا کہناتھا نوازشریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے گااگر انصاف ہے تو نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی جتنی شہادتیں آ رہی ہیں ابھی تک ترازو کے پلڑے برابر ہو جانے چاہئے تھے ۔گزشتہ چار سال میں معیشت تباہ، عوام غریب ہوئے ، 10 نمبریوں کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ لوٹ مار کریں،10 نکاتی ایجنڈا نہیں 10 جھوٹ بولے ہیں، یہ جھوٹ کا ایجنڈا ہے جسے نئے نام سے پھر دہرایا جا رہا ہے ،چار سال میں ایک کروڑ نوکری میں سے ایک نوکری اور 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر عوام کو نہیں دیا ۔ مریم نواز کاکہناتھا 90 دن میں کرپشن ختم ہونے کے بجائے پاکستان میں کرپشن 14 درجے مزید بڑھ گئی تھی۔ اجلاس میں طے کیاگیا اب پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے ،چار سال میں کیسے ملک تباہ ہوا، عوام کو بتایا جائے گا۔دریں اثنا مریم نواز نے کہاجس جس نے بھی عمران کی سہولت کاری کی، بدنامی و رسوائی اس کا مقدر بنی۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا عمران ایک فارن ایجنٹ ہے جس کی ذمہ داری پاکستان میں فتنہ و انتشار پیدا کرنا ہے تاکہ یہ ملک آگے نہ بڑھ پائے اور ہر وہ ہاتھ جو اس شیطانی کھیل کو مضبوط کرنے کے لیے اٹھتا ہے ، اسی کھیل کا حصہ تصور کیا جائے گا۔ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا جس ملک میں انصاف کے دو معیار ہوں وہاں فیصلے چند مخصوص لوگوں کے ہاتھوں میں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا ایسے مخصوص لوگ جن کا واحد مقصد عمران کی سہولت کاری ہے ، تو پھر یہی ہو گا۔ میں نے بہت خطرناک چیز کی نشاندہی کی تھی جس کی درستگی ضروری ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں