سندھ :بارش،شدید ژالہ باری،چھتوں میں سوراخ،گاڑیاں تباہ،5 جاں بحق

سندھ :بارش،شدید   ژالہ  باری،چھتوں  میں  سوراخ،گاڑیاں  تباہ،5 جاں  بحق

اسلام آباد،حیدر آباد، پڈ عیدن،مری (اپنے رپورٹر سے ،نمائندگان دنیا) منگل کو سندھ کے متعدد شہروں میں بارش، تیز ہواؤں اور ژالہ باری نے تباہی مچادی، حیدر آباد اور اس کے نواح میں علی الصباح تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، ضلع جامشورو میں بھی جانی و مالی نقصان ہوا۔

گھروں پر لگی دھاتی چادریں اڑ گئیں، کوٹری سائٹ ایریا میں تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے تین بچے جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے ،ژالہ باری کے باعث بہت سی گاڑیوں کو نقصان پہنچااوران کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ دھاتی چھتوں میں بڑے بڑے اولوں نے سوراخ کرڈالے ، پڈ عیدن اور اس کے نواح میں طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، کرنٹ لگنے سے صحافی غلام حیدر آکاش کا بھائی فدا حسین سولنگی جاں بحق ہوگیا، مورو میں گھر کی چھت سے گزرنے والی بجلی کی گیارہ ہزار وولٹ کی لائن میں الجھ کر 17 سالہ صدام حسین سومرو جاں بحق ہوگیا،طوفانی ہواؤں سے لیموں اور آم کے باغات کو بھی نقصان پہنچا، طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ مزید دو دن جاری رہنے کا امکان ہے ،کھپرو سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بارش سے نارا کینال میں 50 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے پانی دیہات میں داخل ہوگیا، کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا،حیدر آباد اور سندھ کے دوسرے شہروں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، نگر پارکر، میر پور خاص ، ٹنڈو الٰہ یار، مٹیاری ، جام شورو اور دادو میں بھی بجلی کا نظام متاثر ہوا،لاڑکانہ میں دو دن سے بارش ہو رہی ہے ، شہر کی متعدد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے ،ٹنڈو آدم میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، شہریوں کی مشکلات پھر بڑھ گئیں،گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شمال مشرقی،مغربی بلوچستان ، سندھ،پنجاب ، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، ملکہ کوہسار مری،گلیات اورگردونواح کے علاقوں میں سردی پھرلوٹ آئی، گہرے بادلوں،دھند،بارش اورژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ،سردی سے بچنے کیلئے سیاحوں اورمقامی لوگوں نے ہیٹروں،گرم کپڑوں،جیکٹوں،چادروں اورگرم مشروبات کااستعمال شروع کردیا ،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں بھی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا امکان ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں