تحریک انصاف کے سابق اور موجود ہ رہنماؤں میں رابطے،فواد کی جیل میں شا ہ محمود سے ملا قات

تحریک  انصاف  کے  سابق اور  موجود ہ  رہنماؤں  میں  رابطے،فواد  کی  جیل  میں  شا ہ  محمود  سے  ملا قات

راولپنڈی، اسلام آباد،لاہور(اپنے رپورٹرسے ، خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں )سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے جبکہ پارٹی میں شامل افراد سے بھی رابطے کیے گئے ہیں۔

 نو مئی کے واقعات کی ہم سب نے مذمت کی اور ملوث افراد کے خلاف قانون اپنا راستہ لے گا۔سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق ایم این اے محمود مولوی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد نے کہا ہم نے پہلے بھی واقعات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، بے شمار لوگ جیلوں میں گئے جو براہ راست ملوث نہیں تھے جو کچھ ہوا روکنے کی مشترکہ ذمہ داری تھی ۔ نئی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی 25 کروڑ ہے ، 25 کروڑ آبادی کو نوازشریف، زرداری کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا، ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے ، پی ڈی ایم حکومت براہ راست ذمہ دار ہے ، موجودہ حالات میں پی ڈی ایم کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دے سکتے ، بحران کو حل کرنے کیلئے ہم اپنی کوششیں کریں گے ۔ پی ٹی آئی کی سابق لیڈر شپ کے ساتھ گفتگو ہوئی، تمام لوگوں کے ساتھ بڑی اچھی گفتگو ہوئی، ہم مسائل کے حل کی طرف جائیں گے ، دوسری جانب ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق شاہ محمود سے ملاقات کرنے والوں میں فواد ، عامرکیانی، عمران اسماعیل اور مولوی محمود شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے شاہ محمود کو پارٹی چھوڑنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کی۔ امید ہے کہ کوئی اچھا حل نکلے گا، اسد عمر کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوئی ہے ، پرویز خٹک، اسد قیصر، علی زیدی، حماد اظہر، فرخ حبیب، شہزاد وسیم، عاطف خان، شہرام ترکئی اور تمام لوگوں سے تفصیلی بات ہوئی ہے ۔فواد نے کہا کہ کسی طور پر ممکن نہیں ہوگا کہ ہم ان حالات میں اس حکومت کی اپوزیشن خالی چھوڑ دیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے نتیجے میں پاکستان میں غربت بڑھے اور اگلی نسلیں بحران کا شکار ہوں گی تاہم یہ بحران حل کرنے کے لیے ہم اپنی کوششیں کریں گے ۔عمران اسماعیل نے میڈیا کے سامنے کوئی بات نہیں کی جبکہ فواد بھی میڈیا ٹاک کے بعد روانہ ہوگئے ،عامر کیانی ان رہنماؤں کیساتھ ہوتے ہوئے بھی گاڑی سے باہر نہ آئے ۔ادھر تحریک انصاف کے رہنماؤ ں اسد قیصر اور زین قریشی نے فوادچودھری کے بیان کی تردید کردی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں