قومی اسمبلی :اتحادی ہیں غلام نہیں،متحدہ کا وزیرتوانائی کیخلاف واک آؤٹ:رویت ہلال بل منظور

قومی  اسمبلی :اتحادی  ہیں  غلام  نہیں،متحدہ  کا   وزیرتوانائی  کیخلاف  واک  آؤٹ:رویت  ہلال  بل  منظور

اسلام آباد(نامہ نگار،آن لائن ) قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم نے وزیر توانائی کے رویہ کیخلاف واک آئوٹ کیا، ایم کیو ایم کے رکن صلاح الدین نے کہا کہ ہم حکومتی اتحادی ہیں غلا م نہیں ، وزیر توانائی حیدر آباد گئے مگر تین ایم این ایز میں سے کسی کو پتا نہیں۔

 ہم اتحادی ہیں غلام نہیں، وزیر اعظم اپنے ایسے وزرا پر نظر دوڑائیں۔ وزیر توانائی عوام اور اتحادیوں سے زیادتی کررہے ہیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچ گئی ہم عوام کا غصہ بھگت رہے ہیں ہم نے ہر مشکل وقت میں وزیر اعظم کا ساتھ دیا ۔ہم حکومت کے اتحادی ہیں ۔ بعدازاں وزیر توانائی کے رویہ کے خلاف ایم کیو ایم کے ارکان واک آئوٹ کر گئے جس پر وزیرمملکت برائے قانون انصاف سینیٹرشہادت اعوان ان کو واپس لائے ۔ایوان نے رویت ہلا ل بل 2022 کی منظوری دے دی ، قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا ۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف کی ہدایت پر مٹھی میں آسمانی بجلی کا شکار ہونے والے افراد کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ ایم کیوایم کے رکن اسمبلی صلاح الدین نے کہاکہ حیدر آباد میں طوفان سے بجلی کا نظام بند ہوگیا،حیدر آباد میں پچاس سالہ پرانے بجلی نظام کے باعث بجلی بند ہے ۔ دس سے بارہ گھنٹے تک بجلی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابات ایکٹ 2017 میں مجوزہ ترامیم کے حوالے سے قائمہ کمیٹی کی رپورٹ جاویدعلی شاہ نے پیش کی۔ توجہ دلائونوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ نے کہاکہ ملک میں غذائی قلت کا کوئی خطرہ نہیں ، فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن اور ورلڈ فوڈ پروگرام نے سنسنی خیز رپورٹ جاری کی جس سے اتفاق نہیں کرتا،اہم فصلوں کی بہترپیداوارحاصل ہوئی ہے۔

جماعت اسلامی کے مولانا عبدالاکبرچترالی نے کہاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے جو پیش رفت ہوئی ہے اس پروہ اسلام آباد ہائیکورٹ اوروزارت خارجہ کے شکر گزار ہیں۔20 سال بعد ڈاکٹرعافیہ کی بہن نے اپنی قید بہن سے ملاقات کی۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ حکومت اور وزیر خارجہ عافیہ صدیقی کی رہائی میں کردار اداکریں۔قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت پارلیمانی امور سینیٹر شہادت اعوان نے یقین دہانی کرائی کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کو نیب اور ایف آئی اے کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ شگفتہ جمانی نے ضمنی سوال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں خواتین بازارکے منصوبے پر 7کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں مگر ابھی تک یہ کہہ رہے ہیں کہ اس میں تکنیکی خرابیاں ہیں ۔ وزیر مملکت شہادت اعوان نے کہاکہ خواتین کیلئے بازار سابق حکومت نے جی ٹین سیکٹر میں قائم کرنے کیلئے بغیر کسی سٹڈی کے شروع کیا اس وجہ سے اس بازار کا انعقاد نہیں ہوسکا۔ بازار کیلئے کسی دوسری جگہ کا تعین کیا جائے گا۔ دیگر اقلیتی برادریوں کے وفات پانے والے افراد کی آخری رسومات کیلئے بھی جگہ فراہم کی جاتی ہے ، بعدازاں سپیکر نے اجلاس 9جون کی شام 4بجے تک ملتوی کردیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں