بلوچستان:ایران سرحد پر دہشتگردوں اور فورسز میں فائرنگ ،2جوان شہید

بلوچستان:ایران  سرحد  پر  دہشتگردوں  اور  فورسز  میں  فائرنگ ،2جوان  شہید

راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹرز، سٹاف رپورٹر ،اے پی پی)پاک ایران سرحد کے قریب بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقہ سنگوان میں دہشتگردوں کے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردوں نے پاک ایران سرحد پر سکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا ،اس دوران دہشتگردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اورفوجی جوانوں نے دستیاب ہتھیاروں کے ساتھ بہادری سے جواب دیا اور دہشتگردوں کو کامیابی سے پسپا کیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں2 سپاہی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے ، شہید ہونے والوں میں سپاہی حسنین اشتیاق (عمر 34 سال ساکن ڈسٹرکٹ ڈیرہ غازی خان)اور سپاہی عنایت اللہ (عمر 27 سال ساکن ڈسٹرکٹ جھل مگسی)شامل ہیں ۔ فورسز نے علاقے میں فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کردیا اور دہشتگردوں کو فرار سے روکنے کیلئے ایرانی حکام کے ساتھ رابطے کیے جا رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سنگوان میں دہشتگردوں کی فورسز پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کی پسپائی فورسز کی بہترین پیشہ ورانہ تربیت کا ثبوت ہے ،ملک دشمن عناصر مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے ، انہوں نے شہداکو خراج عقیدت پیش کیا ۔ جبکہ سابق صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے 2 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور شہداکے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ۔بلاول نے کہا پوری قوم دہشتگردی سے نبرد آزما سکیورٹی فورسز کی پشت پر کھڑی ہے ، دہشتگردوں کا خاک میں ملنا نوشتہ دیوار ہے ۔ آصف زرداری نے کہا کہ وطن کی دھرتی کی حفاظت کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو قوم سلام کرتی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں