حافظ نعیم،مرتضیٰ وہاب سمیت14امیدواروں کے کاغذات جمع

حافظ نعیم،مرتضیٰ وہاب سمیت14امیدواروں کے کاغذات جمع

کراچی ، اندرون سندھ(سٹاف رپورٹر، نمائندگان دنیا) سندھ میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن ، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ، میونسپل کمیٹیوں ، ٹاؤن کمیٹیوں اور ضلع کونسلوں کے میئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی مکمل ہوگیا۔

 میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے لئے ریجنل الیکشن کمشنر کراچی اور ریٹرننگ افسر  نذر عباس کے پاس پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان سمیت 14 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ صوبے میں 252 سے زائد بلدیاتی کونسلوں کے میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 504 نشستوں کے لئے صوبے کے ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں ایک ہزار سے زائد کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن(کے ایم سی)اور5 میونسپل کارپوریشنز کے میئر اور ڈپٹی میئر اور 22 ضلع کونسلوں ، 45ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز ،36 میونسپل کمیٹیوں اور143 ٹاؤن کمیٹیوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے ہفتے کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا دن تھا ، میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی کے لئے مجموعی طور پر 14 امیدوار وں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔ میئر کراچی کے 6 امیدواروں میں جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان خان ، محمد جنید مکاتی اور سیف الدین ایڈووکیٹ ، پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب صدیقی ، سید نجمی عالم اور کرم اللہ وقاصی جبکہ ڈپٹی میئر کے لئے پیپلزپارٹی کے سلمان عبداللہ مراد اور ارشاد علی ، جماعت اسلامی کے سیف الدین اور قاضی سید صدرالدین ، مسلم لیگ (ن) کے محمد یعقوب کالرو ، محمد اکرم اور غلام شعیب اور تحریک انصاف کے ذیشان زیب شامل ہیں ۔

انتخابی شیڈول کے مطابق 11 جون کو (آج)کاغذات کی جانچ ہوگی اور 12 جون کو منظور یا مسترد ہونے والے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں جمع ہونگی جبکہ 13 جون تک ان اپیلوں پر فیصلے ہوں گے ، 14 جون تک امیدوار ٹکٹ جمع کراسکیں گے اور اسی دن امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری ہوگی۔15 جون کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ ہوگی جبکہ ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان 16 جون کو کریں گے اور 19 جون کو حلف برداری ہوگی۔ ضلع گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کے سامنے کسی پارٹی کے امیدوار نے کاغذاتِ جمع نہیں کروائے ،پی پی امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کے امکانات واضح ہوگئے ۔ ضلع میرپورخاص کی چیئرمین شپ پر پی پی کے نامزد میرانور تالپور جبکہ ٹاؤن میرشیر تالپور کی چیئرمین شپ پر پی پی کے حاجن پنہور بلامقابلہ منتخب ہوگئے ۔پی پی کی جانب سے میئر کے لیے عبدالرؤف غوری ، ڈپٹی میئر کے لیے جنید بلند اور ایم کیو ایم کی جانب سے میئر کے لیے شفیق احمد جبکہ ڈپٹی میئر کے لیے سلیم میمن نے کاغذات آر او کے پاس جمع کرائے ۔ٹنڈو آدم میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کیلئے پی پی کے امیدوار غلام مرتضیٰ جونیجو، وائس چیئرمین کیلئے ملک ذوالفقار بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے ۔نوشہرو فیروز ضلع کونسل اور مورو میونسپل کمیٹی کے لئے پی پی کے نامزد چیئرمین اور وائس چیئرمین بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ،محراب پور ٹاؤن کمیٹی کے لئے پی پی چیئرمین امیدوار جاوید میمن اور وائس چیئرمین محمد ایوب کمبوہ اور شہری اتحاد کے چیئرمین امیدوار حاجی نذیر کمبوہ اور وائس چیئرمین عابد علی آرائیں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ۔ٹاؤن کمیٹی کنری کیلئے پی پی کے نامزد چیئرمین حاجی شکیل احمد باجوہ اور وائس چیئرمین شیوا نند سندھی نے کاغذات جمع کرادیئے ۔نبی سر روڈ ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمین جاوید اقبال آرائیں اور وائس چیئرمین سید سجاد حسین شاہ نے بھی آر او آفس میں نامزدگی فارم جمع کروائے ۔ جھڈو میں پی پی کی جانب سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے نامزد امیدواروں میرکامران تالپور اور ظفر آرائیں کے کاغذات نامزدگی اسسٹنٹ کمشنر جھڈو کے آفس میں جمع کرادیئے جبکہ ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں