پی آئی اے نجکاری دستور سے انحراف ،فیصلہ چیلنج کرینگے ، پی ٹی آئی
اسلام آباد، لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر،سیاسی رپورٹرسے )تحریک انصاف نے نگران حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کے فیصلے کو دستور سے انحراف قرار دے دیا اور اعلان کیا کہ ایسے کسی بھی قدم کو عدالت سے عوام تک ہر سطح پر چیلنج کیا جائے گا۔
نگران حکومت کی دستوری مدت مکمل ہونے میں محض 53 روز باقی ہیں۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ نگران وزیراعظم سرکاری خرچ پر دنیا گھومنے کا سلسلہ ترک کرکے انتخاب کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری پر توجہ دیں ،دستور و قانون نگران حکومت کو طویل المدتی فیصلوں خصوصاً قومی اداروں کی نجکاری و فروخت وغیرہ کا ہرگز اختیار نہیں دیتا،پونے دو ماہ کی حکومت کے دستور و قانون سے ماورا کسی وعدے پر اعتبارممکن ہے نہ آئندہ منتخب حکومت اس کے کئے گئے ماورائے قانون و اختیار فیصلوں کو قبول کرے گی، ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ آئینی طور پر 53 روز میں ہوا میں تحلیل ہو جانے والی حکومت کی جانب سے بیچے گئے اداروں کی فروخت کو کسی طور پر قانونی حیثیت حاصل نہ ہوپائے گی، نگران حکومت کی جانب سے فروخت کیلئے بروئے کار لائی گئی خود مختار ضمانتوں کی بھی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔