سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کو جیل نہیں بھیجا جا سکتا:ہائیکورٹ

 سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کو جیل نہیں بھیجا جا سکتا:ہائیکورٹ

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے افغان خاتون کے پاس پاکستانی ویزانہ ہونے کے الزام کے تحت درج مقدمہ خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان سیاسی پناہ یا اسائلم کے حق کو تسلیم کرتا ہے ،سیکرٹری داخلہ خاتون کو آسٹریلیا جانے کے لیے ایگزٹ پرمٹ جاری کریں۔

جسٹس بابر ستارکی عدالت سے بغیر ویزا پاکستان آئی افغان خاتون راحیل عزیزی پر درج فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ کے خلاف درخواست پر جاری 21صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ میں عدالت کاکہنا ہے کہ وفاقی حکومت رفیوجی کنونشن 1951کے تحت میکنزم طے کرے کہ پاکستان آ کر رضاکارانہ طور پر اپنی معلومات دینے والوں کو یو این ایچ سی آر کے پاس رجسٹر کرا نے اورکسی تیسرے ملک کوپناہ کی درخواست دینے کا موقع دیا جا سکے ،ایسے مہاجرین کو جیلوں میں نہ قید کیا جائے ،آئین پاکستان سیاسی پناہ یا اسائلم کے حق کو تسلیم کرتا ہے ، عدالت کایہ بھی کہنا ہے کہ سیاسی پناہ یا اسائلم کے متلاشی افراد کو جیل نہیں بھیجا جا سکتا۔ طالبان کے حکومت سنبھالنے کے بعد راحیل عزیزی کی جان کو افغانستان میں خطرات تھے ،اسی لئے وہ پاکستان آئی تھی، خاتون کو آسٹریلیا کی حکومت ویزا دے چکی ، پاکستان میں مقدمہ کی وجہ سے افغان خاتون آسٹریلیا نہیں جاپائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں