کینیڈین شہری کی ہلاکت بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت:پاکستان

کینیڈین  شہری  کی  ہلاکت بھارت  کی ریاستی  دہشتگردی  کا  منہ بولتا  ثبوت:پاکستان

اسلام آباد(وقائع نگار ،صباح نیوز)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نشان ہے جس کے سٹیٹس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ،بھارت دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

پاکستان آئی ایم ایف مذاکرات کو کوئی اور رنگ دینا انتہائی گمراہ کن ہے ، پاکستان اپنی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔غیرملکی ادارے کی خبر بے بنیاد اور من گھڑت اسے مسترد کرتے ہیں،ہندوستان کا کینیڈا میں ماورائے عدالت قتل، ریاستی دہشتگردی کا معاملہ عالمی سطح پر پہنچ چکا ہے ،پاکستان سمیت جنوبی ایشیا را کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہے ،ترکیہ کے صدر کی پاک ، بھارت مذاکرات کی تجویز پر مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔ ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے کہاہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دیرپا ترقیاتی اہداف بارے کانفرنس میں شرکت کی۔انہوں نے موسمیاتی تغیر بارے ترقی پذیر ممالک کی مدد ،ترقی یافتہ دنیا سے 100 ارب ڈالر کے فنڈ ز کو فعال کرنے پر بھی زور دیا۔نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان سے ملاقات ہوئی ، انہوں نے کہا کہ بھارت کا حاضر سروس نیوی کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نشان ہے ، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے تناظر میں ہمیشہ الزامات کی سیاست کی جسے ہم مسترد کرتے ہیں ،پاکستان اور بھارت کے مابین رابطے کے ذرائع دوطرفہ سفارتی مشن، ناظم الامور کی سطح پر ہیں ،آبی مسائل پر سندھ طاس کمشنرز بھی ملاقات کرتے رہتے ہیں ، سفارتکاری کا مطلب مشکلات پر گفت و شنید ہے ۔پاکستان اور ترکیہ برادر ممالک، دونوں کے مابین بہترین قریبی تعلقات ہیں ،ترکیہ کشمیریوں کا درد سمجھتا ہے ، ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کی ۔ترکیہ صدر رجب طیب اردوان کا کشمیری کاز کی حمایت کرنا، ان کی کشمیر سے وابستگی کا عکاس ہے ۔ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام اہم امور پر مذاکرات کی بات کی ہے ،پاکستان، آذربائیجان کی سرزمین پر بارودی سرنگ دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتا ہے ، پاکستان، آذربائیجان کی سالمیت اور خود مختاری کی مکمل حمایت کرتا ہے پاکستان، آذربائیجان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے ،پاکستان نگورنو کاراباخ کو آذربائیجان کا علاقہ سمجھتا ہے ۔دریں اثنا ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہاہے کہ کینیڈا میں ماورائے عدالت قتل میں بھار ت کے ملوث ہونے کی خبروں نے ظاہر کیا ہے کہ بھارت کا ماورائے عدالت قتل نیٹ ورک اب عالمی سطح پر پھیل چکا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں