ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ :بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے83پیسے یونٹ اضافے کی تیاری

اسلام آباد(وقا ئع نگارخصوصی)سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپیہ 83 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔ اتھارٹی 27 ستمبر کو درخواست کی سماعت کرے گی۔
درخواست کی منظوری کی صورت میں بجلی صارفین پر 33 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا تاہم کے الیکٹرک کے صارفین پر اس کا اثر نہیں پڑے گا۔ سی پی پی اے نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ اگست میں ڈسکوز کو 15 ارب 47 کروڑ یونٹ بجلی فراہم کی گئی جس کی پیداواری لاگت 131 ارب 11 کروڑ روپے رہی، فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 33 روپے 32 پیسے فی یونٹ رہی، ایل این جی سے بجلی کی پیداوار 23 روپے 71 پیسے فی یونٹ رہی، ایران سے 25 روپے 9 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔