جہاز بھر بھر کر بھکاری بیرون ملک جارہے ہیں،زیادہ ترجیب تراش پاکستانی:سیکرٹری اوورسیز

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ، این این آئی) سیکرٹری اوور سیز پاکستانیز نے سینیٹ قائمہ کمیٹی میں بتایا جہاز بھر بھر کر بھکاری بیرون ملک جا رہے ہیں،زیادہ تر جیب تراش پاکستانی ہیں، ہمارے فقیر سب سے زیادہ باہر جا رہے ہیں۔
بیرون ملک جتنے بھکاری گرفتار ہوتے ہیں ان میں 90فیصد پاکستانی ہوتے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی منظور کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری اوورسیز ذوالفقار حیدر نے بتایا عراقی اور سعودی سفیر ہمیں کہتے ہیں آپ وہی مجرم ہمارے پاس بھیجتے ہیں ان کی جیلیں بھر گئی ہیں، اب یہ ٹریفکنگ کا مسئلہ ہے ۔ حرم کے اندر جتنے جیب کترے پکڑے جاتے ہیں زیادہ تر پاکستانی ہوتے ہیں، یہ زیارت پر بھی بھیک مانگنے جاتے ہیں۔ بھکاری زیادہ تر عمرہ ویزا پر جاتے ہیں ورک ویزا پر نہیں جاتے ۔ سینیٹر محمود الحسن نے کہا جاپان نے 3 لاکھ 40 ہزار ہنر مند افراد مانگے ہیں، بھارت نے ڈیڑھ لاکھ، نیپال نے 91 ہزار جبکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا نے بھی ہنر مند افراد جاپان بھیجے ، پاکستان سے صرف 200 افراد جاپان گئے ۔ ملک میں 50 ہزار انجینئرز اور آئی ٹی پروفیشنلز بیروزگار ہیں، سعودیہ بھی اب ہنرمند افراد لے رہا ہے ۔ ہم نے جو پہلے پروپوزل تیار کیا تھا وہ سعودی عرب نے مسترد کر دیا ہے ۔سیکرٹری وزارت نے کہا ہمیں جاپان میں اتنی نوکریاں نہیں ملیں۔ ہمارے لوگ سکلڈ نہیں، پاکستانیوں پر بیرون ملک بھروسا نہیں کیا جاتا۔ کمیٹی نے جاپان بھیجے گئے ہنرمند کارکنوں کی تعداد اور ان کی تعلیمی قابلیت کی تفصیلات طلب کیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا بلوچستان میں 50 فیصد سے زائد مائنز ورکرز افغان ہیں، چیئرمین کمیٹی نے مائنز، رجسٹرڈ ورکرز ، امدادی رقم کا ڈیٹا طلب کر لیا۔ تارکین وطن کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضوں کے معاملہ پر وزارت نے بتایا علیحدہ عدالتوں کی سفارش کی گئی ہے ۔